بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ میں نے بھارتی وزیراعظم سے متعلق تاریخی حقیقت دہرائی تو سنا ہے کہ مودی کی پارٹی نے میرے سر کی قیمت لگا دی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری جو ان دنوں امریکا کے دورے پر ہیں۔ انہوں نے ایک امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے ایک بار پھر بھارتی وزیر اعظم کو نشانے پر رکھا اور مودی کو گجرات کا قصائی کہنے کے بیان کا دفاع کیا۔
بلاول بھٹو نے نریندر مودی کو گجرات کا قصائی کہنے کے بیان کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے بھارتی وزیرِ اعظم سے متعلق تاریخی حقیقت دہرائی ہے۔ جس کے بعد سنا ہے کہ مودی کی پارٹی نے میرے سر کی دو کروڑ روپے قیمت مقرر کی ہے۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے انٹرویو میں اپنے موقف کو ایک بار پھر دہراتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت گجرات میں انتہائی مظالم ڈھا رہی ہے اور بھارتی مسلمان مودی حکومت کے تشدد کا نشانہ بن رہے ہیں۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی طاقت ہے۔
دوسری جانب انتہا پسند ہندو جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈر نے وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے سر کی قیمت لگائی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بلاول بھٹو کے خلاف بی جے پی کے مقامی رہنما منوپال بنسال نے اشتعال انگیزی کرتے ہوئے ان کے سر کی قیمت لگائی ہے۔
یاد رہے کہ بلاول بھٹو نے اپنے دورہ امریکا کے دوران گزشتہ دنوں نیو یارک میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بھارتی وزیر خارجہ کے بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ گجرات کا قصائی بھارت کا وزیراعظم بن چکا ہے۔ موجودہ بھارتی حکومت ہٹلر سے متاثر ہے، مودی حکومت گاندھی کے قاتلوں کے نظریے پر یقین رکھتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت کو بتا دیں اسامہ بن لادن مر چکا لیکن گجرات کا قصائی زندہ ہے، بلاول بھٹو
وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ بھارت کو بتانا چاہتا ہوں کہ اسامہ بن لادن تو مر چکا لیکن گجرات کا قصائی زندہ ہے۔