جمعہ, مئی 9, 2025
اشتہار

محمد بن سلمان کی پاکستان آمد کی کوئی خبر نہیں، ترجمان دفتر خارجہ

اشتہار

حیرت انگیز

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ محمد بن سلمان کی پاکستان آمد کی کوئی خبر میرے پاس نہیں، اس طرح کا منصوبہ ہوگا تو میڈیا کو آگاہ کریں گے۔

اے آر وائی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ممتاز زہرا کا کہنا تھا کہ پاکستان کے سعودی عرب اور مشرق وسطیٰ کے ساتھ تعلقات بہت ہی دیرینہ اور مضبوط ہیں۔ سعودی ولی عہد کی پاکستان آمد کی کوئی خبر میرے پاس نہیں ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ اس طرح کا ابھی کوئی منصوبہ نہیں ایسا منصوبہ ہوگا تو اس حوالے سے میڈیا کو آگاہ کریں گے، جب دونوں ممالک دورے کی تاریخ پر رضامندی ظاہر کرتے ہیں تو پھر اعلان ہوتا ہے، اب تک اس طرح کا کوئی اعلان سامنے نہیں آیا۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ پاکستان افغانستان مذاکرات کو ناکام قراردینا قبل ازوقت ہے۔ افغانستان کے ساتھ بارڈر کو پاکستان نے خوشی سے بند نہیں کیا، 6 ستمبر کے دن بارڈر پر بھی اور چترال میں واقعات ہوئے، دونوں واقعات کی کڑیاں افغانستان سے ملتی ہیں۔

ممتاز زہرا نے کہا کہ افغان بارڈر کی بندش عارضی ہے صورتحال مانیٹر کی جارہی ہے، افغان حکومت کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں۔ پاکستان کے تحفظات افغان حکام کے ساتھ شیئر کیے گئے ہیں۔

بارڈر بندش کی وجوہات بھی افغان حکام کے ساتھ شیئر کی گئی ہیں، افغان ہمارے بھائی ہیں، نہیں چاہتے کہ ان کے لیے مشکلات ہوں۔ 6 ستمبر کے واقعات کی وجہ سے پاکستان کو اقدامات کرنا پڑے۔

ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سیکیورٹی ہمارے لیے اہم ہے، چاہتے ہیں سرحد پار سے دہشت گردوں کی آمد نہ ہو۔ طورخم بارڈر کھولنے سے متعلق ابھی حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔

انھوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق ٹی ٹی پی کے قائدین افغانستان میں موجود ہیں۔ پاکستان ہی نہیں کئی ممالک کہتے ہیں کہ ٹی ٹی پی کی پناہ گاہیں افغانستان میں ہیں۔

ممتاز زہرا نے کہا کہ چاہتے ہیں افغانستان میں ٹی ٹی پی کی پناہ گاہیں ختم کی جائیں۔ ٹی ٹی پی کی پناہ گاہیں ختم ہونگی تودونوں ممالک میں امن ہوگا تعلقات بڑھیں گے۔ پاکستان، چین اور افغانستان کے درمیان سہ ملکی معاہدہ کیا گیا تھا۔ معاہدے کے مطابق افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہوگی۔

انھوں نے کہا کہ یقین ہے افغان حکام بھی امن کے خواہاں ہیں۔ مذاکرات کے ذریعے تمام مسائل کا حل نکالا جا سکتا ہے۔ ہمیں پاکستان اور پاکستانی عوام کا مفاد عزیز ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں