پاکستان کے سابق آل راؤنڈر محمد حفیظ نے 1990 کی دہائی کے کرکٹرز کی میراث کے بارے میں حالیہ تبصروں پر وضاحت کردی۔
کرکٹر محمد حفیظ کو 90 کی دہائی کے کرکٹرز سے متعلق بیان پر ردعمل کا سامنا کرنا پڑا، اب انہوں نے واضح کیا ہے کہ ان کے ریمارکس کو بعض میڈیا اداروں نے غلط طریقے سے پیش کیا اور ان کا مقصد کسی سابق کرکٹر پر ذاتی حملہ نہیں تھا۔
حفیظ کا یہ بیان 2025 کی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کی مایوس کن کارکردگی کے تناظر میں آیا جہاں پاکستان نیوزی لینڈ اور بھارت کے خلاف پہلے دو گروپ میچ ہارنے کے بعد باہر ہوگیا تھا۔
بنگلادیش کے خلاف واش آؤٹ میچ نے ٹورنامنٹ سے پاکستان کے باہر ہونے کی تصدیق کردی۔
محمد حفیظ نے لکھا کہ میں 1990 کی دہائی کے کرکٹرز کا بہت بڑا مداح ہوں لیکن جب ہم ان کی اچیومنٹ کے بارے میں بات کرتے ہیں تو یہ واضح ہے کہ وہ آئی سی سی ٹرافی گھر نہیں لائے، وہ 1996، 1999 اور 2003 کے ورلڈ کپ کا حصہ تھے اور ہماری زبردست کارکردگی کے باوجود ہم ہر بار ہارے، ہم نے صرف 1999 کے فائنل میں شکست کھائی۔
انہوں نے کہا کہ وہ بطور کھلاڑی میگا اسٹار تھے لیکن وہ آئی سی سی ایونٹ جیت کر ہمیں متاثر نہیں کرسکے، اس کے بعد ہم نے 2007 کے ٹی 20 ورلڈ کپ فائنل ہارتے ہوئے ایک مشکل مرحلہ برداشت کیا تاہم 2009 میں یونس خان کی قیادت میں ہم نے آخرکار ٹائٹل حاصل کیا۔
سابق کرکٹر نے واضح کیا کہ ان کے ریمارکس صرف اس دور میں آئی سی سی ٹورنامنٹ جیتنے میں پاکستان کی ناکامی کے بارے میں تھے، کسی انفرادی کھلاڑی پر حملہ نہیں۔