قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان کا کہنا ہے کہ بابر اعظم کا مسئلہ یہ ہے کہ ہم ہر میچ میں ان سے رنز مانگتے ہیں۔
کپتان محمد رضوان نے میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بابر اعظم ایک برانڈ بن چکے ہیں اور شاید وہ اسی بات کا پریشر لے رہے ہیں، شاید قسمت بھی ان کا ساتھ نہیں دے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بابر اعظم نے اچھا اسٹارٹ لیا پھر وکٹیں گر گئیں، ہم نے بابر اعظم کو پلان کے تحت اوپن کروایا تھا۔
محمد رضوان نے کہا کہ ہم جیت کے لیے پوری کوشش کرتے ہیں، ہمارے ہاں ایسا کلچر چل پڑا ہے جس کا اختتام کبھی ایک جیسا نہیں ہوتا۔
کپتان نے کہا کہ صائم ایوب ایک مکمل پیکیج تھا جس کو ہم مس کررہے ہیں، میں خود پریشان تھا فیلڈنگ میں کیسے صائم کی کمی پوری کروں۔
انہوں نے کہا کہ ہم پریشر میں تھے، ہم نے سوچ لیا تھا کہ ہدف 320 کے لگ بھگ ہوگا، میں نے ایک موقع پر میچ اسکرین پر دیکھنا چھوڑ دیا تھا، اللہ نے ہماری مدد کی اور جیت گئے۔
محمد رضوان نے مزید کہا کہ ہمیں بولنگ کو مزید بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے جنوبی افریقا کو تیسرے ون ڈے میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دے کر سہ فریقی سیریز کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا، پاکستان نے سلمان علی آغا اور کپتان محمد رضوان کی شاندار سنچریوں کی بدولت 353 رنز کا ہدف 49اوورز میں حاصل کیا۔
سہ فریقی سیریز کا فائنل 14 فروری بروز جمعہ کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔