بھارت کے فاسٹ بولر محمد سراج نے اداکارہ ماہرہ شرما کے ساتھ ڈیٹنگ کی خبروں پر خاموشی توڑ دی۔
بھارتی اداکارہ اور بگ باس 13 کی سابقہ امیدوار ماہرہ شرما کے ساتھ تعلقات کی خبروں پر کرکٹر محمد سراج نے پہلی بار لب کشائی کردی اور لوگوں سے درخواست کی ہے کہ وہ ماہرہ سے ان کے بارے میں سوالات نہیں کریں۔
گزشتہ دنوں اداکارہ ماہرہ شرما حال ہی میں ممبئی میں ایک ایوارڈ تقریب میں نظر آئی تھیں، جہاں فوٹوگرافروں نے ہلکے پھلکے انداز میں ان سے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) اور ان کی پسندیدہ ٹیم کے بارے میں سوالات کیے تھے، تاہم ان سوالات کا جواب ماہرہ نے نہیں دیا تھا۔
جس کے بعد بھارتی کرکٹر محمد سراج نے آج اپنی انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے ردعمل دیتے ہوئے لکھا تھا کہ میں پاپارازی سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ میرے بارے میں سوالات کرنا بند کریں۔
محمد سراج نے کہا کہ یہ تمام باتیں بے بنیاد اور من گھڑت ہیں۔ امید ہے کہ یہ معاملہ اب ختم ہو جائے گا۔
انہوں نے اپنی بات کے اختتام پر ہاتھ جوڑنے والا ایموجی بھی استعمال کیا۔ تاہم، اطلاعات کے مطابق، سراج نے بعد میں یہ اسٹوری ڈیلیٹ کر دی۔
دوسری جانب ماہرہ شرما نے بھی اپنے انسٹاگرام پر اسٹوری میں لکھا کہ ’’افواہیں پھیلانے سے گریز کریں، میں کسی کے ساتھ ڈیٹنگ نہیں کررہی۔‘‘
یہ پہلا موقع نہیں ہے جب ان کے تعلقات کی افواہیں منظرعام پر آئی ہوں۔ اس سے قبل بھی ماہرہ شرما اور ان کی والدہ ان خبروں کو جھوٹا قرار دے چکی ہیں۔