لاہور: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے نگراں وزیراعلیٰ کی تقرری کے خلاف عدالت جانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ محسن نقوی کےپیچھے وہ لوگ ہیں جنہوں نےعمران خان پرکراس لگایا ہے۔
تفصیلات کے مطابق زمان پارک لاہور سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کی تعیناتی پر شدید ردعمل کا اظہار کیا۔
عمران خان نے محسن نقوی کو پاکستان تحریک انصاف کا بدترین دشمن قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ جس چینل کامالک ہےاس پر پی ٹی آئی کیخلاف بدترین پروپیگنڈاچلتاہے، اب وہ پنجاب میں ایسے لوگوں کو لگائے گا جو پی ٹی آئی کے مخالف ہیں۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ محسن نقوی سابق آرمی چیف سے بھی ملتا تھاجواصل میں ماسٹر مائنڈ تھا، سب کو پتہ ہے کہ قمرجاوید باجوہ نےان سب کواین آراوٹودیاہے اور محسن نقوی وہ شخص ہےجس نے پلی بارگین کرکےنیب کورقم واپس کی۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ محسن نقوی کےپیچھے وہ لوگ ہیں جنہوں نےعمران خان پرکراس لگایاہے یہ وہ لوگ ہیں جو کہتےہیں کہ عمران خان اب دوبارہ اقتدارمیں نہیں آئےگا۔
عمران خان نے الزام عائد کیا کہ محسن نقوی کےپیچھے وہ لوگ ہیں جنہوں نےایم کیوایم بنائی تھی پھر ایم کیوایم پرکاٹا لگانےک یلئےایم کیوایم (حقیقی) بنائی گئی تھی۔
الیکشن کمیشن کے کردار پر تنقید کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہم نےنگراں وزیراعلیٰ پنجاب کےلیےوہ نام دیئےجو غیرجانبدارتھے، ہم نے تو ناصرکھوسہ کا نام منتخب کیا جونوازشریف کے پرنسپل سیکریٹری رہ چکے، ناصرکھوسہ ہم نےاس لیےمنتخب کیاتھا کہ ان پرکوئی اعتراض نہیں کریگا۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ دوسرا نام احمد نوازسکھیرا کا منتخب کیاجواس وقت کابینہ سیکریٹری ہیں،ہم نے سوچا کہ احمد نوازسکھیرا پرکوئی اعتراض نہیں کرےگا وہ غیرجانبدارہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوید چیمہ کا نام بھی منتخب کیاجوشہبازشریف کےچیف سیکریٹری رہ چکےہیں،ہمارےتمام ناموں کومسترد کردیاگیا اور محسن نقوی کونگراں وزیراعلیٰ منتخب کرلیا گیا ۔
کل سے احتجاج کا اعلان
اپنے خطاب میں عمران خان نے نگراں وزیراعلیٰ کی تقرری پر کل سے پرامن احتجاج اور مظاہرے کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہم کل لاہور میں احتجاج کریں گے، بدھ کو راولپنڈی میں احتجاج ہوگا۔اس کے علاوہ فیصل آباد،ملتان سمیت ہرروز پاکستان کے تمام شہروں میں احتجاج کریں گے۔
عدالت جانے کا فیصلہ
عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ محسن نقوی کی تقرری کیخلاف بھی عدالت جارہےہیں،الیکشن کمیشن نے آئین کی خلاف ورزی کی ہے، جانبدار شخص کو نگراں وزیراعلیٰ لگایا،محسن نقوی کی تقرری ایسے ہےجیسے دھاندلی کیلئےایک شخص کوبٹھادیاگیاہو۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایسےشخص کو تسلیم کرلیاجائےجو ایجنڈےپرآیاہو،ہم خاموش نہیں رہ سکتے،ہم خاموش رہیں گےتو ہم میں اور بھیڑ بکریوں میں کوئی فرق نہیں رہےگا۔