شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ مومنہ اقبال نے چھوٹے بھائی حماد بٹ کے ہمراہ عمرے کی سعادت حاصل کرلی۔
فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اداکارہ مومنہ اقبال نے عمرے کی ادائیگی کی متعدد تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو عمرے کی سعادت حاصل کرنے کی اطلاع دی۔
مومنہ اقبال نے پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’لاحول ولا قوة الا بالله۔‘ اللہ کے سوا کوئی اور طاقت نہیں۔‘
گزشتہ روز مومنہ اقبال نے مسجد الحرام سے تصاویر شیئر کی تھیں جس میں انہیں حجاب میں دیکھا جاسکتا ہے، انہوں نے لکھا تھا کہ ’اللہ کتنا کامل ہے اور میں ان کی تعریف کرتی ہوں۔‘
مومنہ اقبال کو عمرے کی سعادت حاصل کرنے پر ساتھی فنکاروں اور مداحوں کی جانب سے مبارک باد دی جارہی ہے اور دعاؤں کی درخواست کی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’احسان فراموش‘ میں مومنہ اقبال ’فلک‘ کا منفی کردار نبھا رہی ہیں جس کی دیگر کاسٹ میں ہمایوں اشرف، مشال خان، سلمان سعید، دانیہ انور، عتیقہ اوڈھو، حمیرا اصغر، ظفر محمود، صدف احسن، جاوید اقبال، روحی غزل ودیگر شامل ہیں۔
احسان فراموش کی ہدایت کاری کے فرائض سید فیصل بخاری نے انجام دیے ہیں جبکہ اس کی کہانی طاہر نذیر نے لکھی ہے، ڈرامہ پیر سے جمعہ رات 9 بجے اے آر وائی ڈیجیٹل پر نشر کیا جاتا ہے۔