نامور بھارتی گلوکارہ مونالی ٹھاکر نے سانس لینے میں دشواری کی وجہ سے اسپتال منتقل کیے جانے کی خبروں پر خاموشی توڑ دی۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق پچھلے کئی گھنٹوں سے مونالی ٹھاکر سے متعلق خبریں گردش کر رہی ہیں کہ انہیں لائیو کنسرٹ میں طبیعت بگڑنے پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم گلوکارہ نے اب اس پر ردعمل دیا ہے۔
مونالی ٹھاکر نے انسٹاگرام پر اپنے چاہنے والی کی تشویش پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ ’میڈیا اور میری صحت کے بارے میں فکر مند مداح، امید ہے آپ سب خیریت سے ہوں گے۔ میں درخواست کرتی ہوں کہ میری صحت کے بارے میں کوئی غیر تصدیق شدہ خبر شیئر نہ کی جائے‘۔
گلوکارہ نے لکھا کہ ’میں تشویش میں مبتلا لوگوں کی تعریف کرتی ہوں مگر واضح کر دوں کہ مجھے سانس لینے میں دشواری کا کوئی مسئلہ درپیش نہیں اور اسپتال میں زیرِ علاج نہیں ہوں، میری طبیعت خرابی کی خبریں غلط ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ حال ہی ایک وائرل انفیکشن کے باعث میری طبیعت خراب رہی لیکن اب میں ممبئی واپس آگئی ہوں اور علاھ چل رہا ہے، میں تیزی سے صحت یاب ہو رہی ہوں۔
مونالی ٹھاکر منگل کی شام 21 جنوری 2025 کوچ بہار میں دنہاٹا فیسٹیول میں پرفارم کر رہی تھیں۔ لائیو پرفارمنس کی ایک ویڈیو میں گلوکارہ کو اسٹیج چھوڑ کر جاتے ہوئے دیکھا گیا۔
وائرل ویڈیو میں ان کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ میں آپ سے معافی مانگتی ہوں کیونکہ بہت بیمار ہوں۔
خبریں سامنے آئیں کہ مونالی ٹھاکر کو پہلے دنہاٹا سب ڈسٹرکٹ اسپتال لے جایا گیا تھا جبکہ اس کے بعد ان کو علاج کیلیے قریبی نجی اسپتال منتقل کیا گیا۔