کراچی: بینکنگ کورٹ نے منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور کی ضمانت میں 11 مارچ تک توسیع کردی۔
تفصیلات کے مطابق منی لانڈرنگ کیس میں آصف علی زرداری آج عدالت کےروبرو پیش نہیں ہوئے جبکہ ان کی ہمشیرہ فریال تالپورضمانت میں توسیع کے لیے بینکنگ کورٹ کے سامنے پیش ہوئیں۔
سابق صدر آصف علی زرداری قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے باعث عدالت میں پیش نہیں ہوئے، ان کے وکیل کی جانب سے درخواست دائر کی گئی۔
فاروق ایچ نائیک نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ آصف علی زرداری قومی اسمبلی کے اجلاس میں مصروف ہیں، عدم حاضری پرسماعت ملتوی کی جائے۔
بینکنگ کورٹ کی جانب سے ملزمان کو کیس اسلام آباد منتقل کرنے کی درخواست کی نقول فراہم کردی گئیں۔ آصف زرداری کی جانب سے فاروق ایچ نائیک نے درخواست کی نقول حاصل کیں۔
معاون وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ حسین لوائی کے وکیل شوکت حیات 7 مارچ تک چھٹیوں پر ہیں۔
وکیل ایف آئی اے نے عدالت کو بتایا کہ ملزم اسلم مسعود اسلام آباد میں ہماری حراست میں ہیں، 7 مارچ کو ریمانڈ کی مدت ختم ہوگی۔
بعدازاں بینکنگ کورٹ نے منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور کی ضمانت میں 11 مارچ تک توسیع کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔
منی لانڈرنگ مقدمے میں شریک ملزمان حسین لوائی، عبدالغنی مجید کو اڈیالہ جیل سے بینکنگ کورٹ میں پیش کیا گیا جبکہ تفتیشی افسر نے کیس میں پیشرفت سے عدالت کو آگاہ کیا۔
تفتیشی افسر مفرور ملزمان کی گرفتاری سے متعلق رپورٹ بینکنگ کورٹ میں جمع کرائیں گے۔
یاد رہے کہ مقدمے میں آصف علی زرداری، فریال تالپور، انور مجید، عبدالغنی مجید اور حسین لوائی نامزد ہیں جن پرمنی لانڈرنگ کا الزام ہے۔
منی لانڈرنگ مقدمے میں آصف علی زرداری، فریال تالپور، انور مجید کے بیٹے نمر مجید، ذوالقرنین اور علی مجید عبوری ضمانت پرہیں جبکہ انور مجید، عبدالغنی مجید، حسین لوائی اور طحہ رضا گرفتار ہیں۔
آصف زرداری اور فریال تالپور کی ضمانت میں 5 مارچ تک توسیع
واضح رہے کہ گزشتہ سماعت پر بینکنگ کورٹ نے منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور کی ضمانت میں 5 مارچ تک توسیع کی تھی۔