قاہرہ: مصر کی خاتون اینکر لبنی عسل کو اپنے ٹی وی پروگرام میں مہمان کے ساتھ بندر کو بلانا مہنگا پڑ گیا۔
عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق ٹی وی پروگرام (الحیاۃ الیوم) ’زندگی آج‘ کی میزبان لبنی عسل نے ایک شخصیت کو انٹرویو کے لیے مدعو کیا تھا جس میں وہ اپنے ہمراہ بندر بھی لے کر آیا۔
ٹی وی پروگرام چل رہا تھا کہ خاتون اینکر نے بندر کو اسٹوڈیو میں اپنی کرسی کے قریب بیٹھا لیا اور وہ مہمان سے سوالات میں مصروف رہیں۔
خاتون وقتاً فوقتاً بندر کو چمکارتی رہیں تاکہ وہ اُن کے قریب نہ جائے اور آرام سے بیٹھا رہے مگر بندر نے ایک دم خاتون کی طرف چھلانگ لگائی جس کے بعد اسٹوڈیو میں بھگ دڑ مچ گئی۔
لبنی عسل نے دفاع کی کوشش کی لیکن وہ کامیاب نہ ہوسکیں اور پھر گھبراہٹ میں خاتون نے چیخنا چلانا شروع کردیا، وہ اپنی جان بچانے کے لیے پروگرام چھوڑ کر اسٹوڈیو سے باہر بھاگ گئیں۔
ٹی وی چینل کے ناظرین نے یہ سارا منظر براہ راست دیکھا. جس نے بھی یہ منظر دیکھا وہ ورطہ حیرت میں مبتلا ہوگیا۔
صارفین نے خاتون اور چینل انتظامیہ کی حماقت پر شدید تنقید بھی کیا اور کہا کہ وہ آئندہ کسی جانور کو اپنے پروگرام میں مدعو نہ کریں بصورت دیگر کوئی بڑا حادثہ پیش آسکتا ہے۔