لاہور : پنجاب کے دارلحکومت لاہور میں گردآلود ہواؤں کے ساتھ طوفانی بارش نے جل تھل ایک کردیا، مختلف علاقوں میں کئی گھنٹوں سے بجلی غائب ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں مون سون سیزن کاآغاز ہوگیا ، خیبرپختونخوا اورپنجاب کے مختلف شہروں میں طوفانی بارش سے گرمی کا زورٹوٹ گیا۔
لاہور میں آندھی کے ساتھ تیز بارش ہوئی اور جل تھل ایک ہوگیا، جس کے باعث کینال روڈ پر گلزار انڈرپاس میں درخت گرگیا، بارش ہوتے ہی بجلی بھی رخصت ہوگئی۔
لیسکو کے سو کے قریب فیڈرز ٹرپ ہونے سے ٹاؤن شپ،گرین ٹاؤن،بادامی باغ،کوٹ خواجہ سعید، بھاٹی گیٹ،سرکارروڈ،شاہ عالم مارکیٹ،اندرون لاہور میں بجلی معطل ہوگئی۔
گوجرانوالہ ، گجرات، ڈسکہ اور سرائے عالمیگر سمیت پنجاب کےدیگر شہروں میں بھی بارش کے طوفانی اسپیل سے پانی گھروں میں داخل ہوگیا اور مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
سیالکوٹ اور شکرگڑھ میں بھی میں موسلادھاربارش سے سڑکیں پانی سے بھرگئیں، سڑکوں اورگلیوں میں جمع ہونےسےشہریوں کو مشکلات کاسامنا ہے۔
لاہور میں آندھی اوربارش کے باعث متعدد علاقوں میں معطل ہونے والی بجلی کئی گھنٹوں بعد بھی مکمل بحال نہ ہوسکی، فیصل ٹاؤن میں درخت گرنےسےبجلی کےتارٹوٹ گئےجن میں کرنٹ آرہاتھا۔
علاقہ مکینوں کی جانب سے لیسکو کوآگاہ کئےجانےکےباوجود عملہ کئی گھنٹے تک متعلقہ مقام پرنہیں پہنچا جبکہ گلبرگ،گارڈن ٹاؤن،نشاط کالونی سمیت متعددعلاقوں کی بجلی کئی گھنٹےبعد بھی بحال نہ ہوسکی۔
اسلام آباد میں گھٹائیں برسیں تو شہرکی خوبصورتی کو چارچاند لگ گئے، ملکہ کوہسارمری میں ایسی موسلا دھار بارش ہوئی کہ درخت گاڑی پر گرگیا، جس سے چار افراد زخمی ہوئے۔
آزاد کشمیر کے شہروں میرپور، مظفرآباد اور کوٹلی میں تیزہواؤں کے ساتھ بارش۔ موسم خوشگوارہوگیا جبکہ خیبرپختونخوا کے شہروں مانسہرہ اور بٹگرام میں بھی بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔
بلوچستان کے ضلع چاغی میں تیزہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش سے ندی نالوں میں طغیانی سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔