سندھ اور بلوچستان میں مون سون بارشوں کا آغاز ہوگیا ہے، بارشوں کے نتیجے میں نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔
تفصیلات کے مطابق ٹھٹھہ کے ساحلی علاقوں جاتی اور شاہ بندر، کیٹی بندر ،گھارو،کھارو چھان سمیت دیگرعلاقوں مون سون کی بارش نے ہی تباہی مچادی، بارشوں کے باعث جہاں گرمی کا زور ٹوٹا وہی نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔
ادھر کراچی میں صفورہ چورنگی ،گلستان جوہر اور اطراف میں ہلکی بارش سے باعث موسم خوشگوار ہوا تو سپر ہائی وے ، گلشن معمار، سرجانی ٹاؤن، تیسرٹاؤن اور یوسف گوٹھ میں تیزبارش کے باعث گرمی کے ستائے چہرے کھل اٹھے۔
بلوچستان میں بادل جم کر برسے، مون سون بارشوں کے نتیجے میں آواران میں ندی نالے بپھرگئے، تیرتیج کے علاقے میں کئی مکانات اور دیواریں منہدم ہوگئیں جبکہ کوہلو میں برساتی پانی گھروں میں داخل ہوا اور نشیبی علاقےزیرآب آگئے۔
اندورن سندھ میں بھی مون سون کی بارش نے جلوہ دکھایا، شکارپور میں مسلسل پانچ گھنٹے کی بارش نے سڑکوں کو تالاب میں تبدیل کردیا، بارش کے ساتھ ہی بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے شہری پریشانی کا شکار نظر آئے۔
یہ بھی پڑھیں: سہ پہر سے رات دیر تک بارش ہوگی، موسمیات کی کراچی کے لیے نئی پیش گوئی
دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مون سون کا سسٹم اس وقت بھی سندھ میں موجود ہے، تاہم بارش برسانے والا نظام کمزور ہو چکا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کے بیش تر علاقوں میں آج سہ پہر گرج چمک کے ساتھ تیز اور معتدل بارش متوقع ہے، شہر میں آج ، کل اور پرسوں تیز بارش ہو سکتی ہے، موسمیات کا کہنا ہے کہ آج کا اسپیل رات دیر تک جاری رہے گا۔