20.8 C
Dublin
اتوار, مئی 19, 2024
اشتہار

یوکرین میں لڑنے والے فوجی کمپنی ویگنر نے روس کے خلاف علم بغاوت بلند کر لیا

اشتہار

حیرت انگیز

ماسکو: یوکرین میں کامیابیاں سمیٹنے والی روس کی نجی فوجی کمپنی ویگنز گروپ نے روسی فوج کے خلاف ہی بغاوت کا علم بلند کر لیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق روسی فوج اور ویگنر گروپ میں ٹھن گئی ہے، دونوں کی جانب سے ایک دوسرے پر حملے کیے گئے ہیں، اور حملوں میں ہلاکتوں کے دعوے بھی سامنے آئے ہیں۔

یوکرین میں لڑنے والے ہر اول دستے میں شامل اہلکاروں کو روسی طیاروں کی جانب سے مبینہ نشانہ بنائے جانے پر گروپ نے روسی وزارتِ دفاع کا رخ کر لیا ہے، جس پر روس میں سخت سیکیورٹی نافذ کر دی گئی ہے۔

- Advertisement -

ویگنر گروپ کے سربراہ یوگینی پریگوزن کا کہنا ہے کہ 25 ہزار کی مضبوط فوج مرنے کے لیے تیار ہے، گروپ سربراہ نے یوکرین میں روس کا فوجی ہیلی کاپٹر مار گرانے اور روس کے جنوبی علاقے روستوف میں بھی داخل ہونے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔ سربراہ ویگنر گروپ نے اپنے بیان میں اعلان کیا کہ روسی وزیر دفاع کو ہٹانے کے لیے انھوں نے جنگجو یوکرین سے بھیج دیے ہیں۔

دوسری جانب روسی حکومت نے ویگنر گروپ پر بمباری کی تردید کر دی ہے، سنگین صورت حال کے پیش نظر ماسکو میں سیکیورٹی بھی بڑھا دی گئی ہے، اور ماسکو کی سڑکوں پر فوجی ٹینک آ گئے ہیں۔

روس نے مسلح بغاوت پر اکسانے کے الزام میں ویگنر گروپ کے سربراہ یوگینی پریگوزن کی گرفتاری کے احکامات جاری کر دیے ہیں، روسی حکومت کی جانب سے ویگنر پرائیوٹ ملٹری کمپنی فورسز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ سربراہ کے احکامات کو نظر انداز کر کے اسے گرفتار کریں اور اہلکار واپس اپنی بیس پر پہنچیں۔

واضح رہے کہ روس سے تعلق رکھنے والا ویگنر گروپ کرائے کے فوجیوں کا گروہ ہے، روسی فوج کی یوکرین میں پیش قدمی کی بڑی وجہ ویگنر گروپ تھا۔

ادھر وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ روس میں پیدا صورت حال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں، امریکی صدر جو بائیڈن کو تمام صورت حال سے لمحہ بہ لمحہ آگاہ کیا جا رہا ہے، روس میں پیش رفت پر اتحادیوں ا ور شراکت داروں سے مشاورت کریں گے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں