کراچی : ڈسٹرکٹ سینٹرل بلال کالونی پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے انتہائی مطلوب چار رکنی ڈکیت گروہ کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں بلال کالونی پولیس نے اہم کارروائی کی ، کارروائی کے دوران انتہائی مطلوب 4 رکنی ڈکیت گروہ کو گرفتار کرلیا گیا۔
ایس ایس پی سینٹرل معروف عثمان نے بتایا کہ ملزمان اندرون سندھ اور کراچی کی سینکڑوں تلا توڑ وارداتوں میں ملوث ہیں جن سے 1 کلاشنکوف 4 ٹی ٹی پستول 2 رپیٹر اور تالا کاٹنے کے کٹرز،شہزور ٹرک اور ایک کار برآمد ہوئی ہے
عثمان معروف کا کہنا تھا کہ ملزمان آئل گودام،جیولری شاپس اورپیٹرول پمپ پر واردات کرتے تھے، ملزمان میں گروہ سرغنہ لیاقت عرف کشمیری عرف استاد، شہزاد، یعقوب عرف بنگالی اورفرحان عرف قصائی شامل ہے۔
ایس ایس پی سینٹرل نے کہا کہ ملزمان جیولری شاپس دکانوں اور پیٹرول پمپز پر رکھی تجوریاں لوٹنے کے ماہر ہیں اور رات کے آخری پہر واردات کیا کرتے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملزمان نے 2020 ملیر سعوداباد میں جیولرز کی دکان میں ڈکیتی کے دوران 4 کروڑ کے زیورات لوٹے، 8 ماہ قبل نیو کراچی صرافہ بازار سے 30لاکھ کے زیورات لوٹے اور اورنگی ٹاوٴن سے 20 لاکھ روپے مالیت کے زیورات لوٹنے کا اعتراف کیا۔
گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج مزید تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔