تازہ ترین

خدا کی قدرت، پہلے بچے کی پیدائش کے 26ویں روز خاتون کے ہاں جڑواں بچوں کی ولادت

ڈھاکا: طب کی دنیا میں حیران کُن واقعہ اُس وقت پیش آیا کہ جب بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والی خاتون کے ہاں ایک بچے کی پیدائش کے 26 ویں روز جڑواں بچوں کی ولادت ہوئی۔

تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والی 20 سالہ عارفہ سلطان کے ہاں قبل از وقت بچے کی پیدائش ہوئی البتہ ڈاکٹرز اُس وقت حیران رہ گئے کہ جب 26 ویں روز ہی اُن کے گھر جڑواں بچوں کی ولادت بھی ہوئی۔

فرانسیسی خبررساں ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عارفہ کے ہاں تینوں بچوں کی پیدائش گزشتہ دنوں ہوئی، زچہ بچہ اب صحت مند ہیں۔

عارفہ کی ڈاکٹر شیلا پوڈر کا کہنا تھا کہ ’مجھے پہلے بچے کی پیدائش کے وقت زرا بھی احساس نہیں ہوا کہ مریضہ ابھی بھی دو بچوں سے حاملہ ہے‘۔

مزید پڑھیں: برازیلی جزیرے میں بارہ سال بعد بچے کی اچانک ولادت، علاقہ میں خوشی کی لہر

اُن کا کہنا تھاکہ پہلے بچے کی پیدائش کے بعد ہم نے عارفہ کو چھٹی دے دی تھی البتہ 26ویں روز اہل خانہ دوبارہ اُسے تکلیف کے باعث اسپتال لائے جہاں اُس نے جڑواں صحت مند بچوں کو جنم دیا۔

ماہر امراض نسواں نے بتایا کہ خاتون کے تین بچوں میں سے دو لڑکے اور ایک لڑکی ہے، پہلے لڑکا پیدا ہوا تھا۔

ڈاکٹر دلیپ روئے نے واقعے پر حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’میں نے اپنے 30 سالہ کریئر میں ایسا واقعہ پہلی بار دیکھا کہ محض 26 روز کے بعد ہی ایک نہیں بلکہ جڑواں بچوں کی پیدائش ہوئی کیونکہ طب کے حساب سے پہلے بچے کی پیدائش کے بعد کم از کم 6 ماہ کا وقت درکار ہوتا ہے‘۔

یہ بھی پڑھیں: عراق میں بغیر ناک کے عجیب الخلقت بچے کی پیدائش

خوش قسمت ماں کا کہنا تھا کہ وہ تین بچوں کی پیدائش کو قدرت کا معجزہ سمجھتی ہیں اور بہت خوش بھی ہیں البتہ والدین بچوں کی پرورش کے حوالے سے پریشان بھی ہیں جس کا انہوں نے خدشہ ظاہر کیا۔

عارفہ کا کہنا تھا کہ میرے شوہر کی ماہانہ آمدنی 70 ڈالر ہے، ہم غریب گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں، اب معلوم نہیں کہ اتنی بڑی ذمہ داری کس طریقے سے پوری ہوگی۔

Comments

- Advertisement -