امریکا میں معذور بچی کو قتل کرنے والی سنگدل ماں کو گرفتار کرلیا گیا، بچی وہیل چیئر پر تھی اور اسے 24 گھنٹے دیکھ بھال کی ضرورت تھی۔
مذکورہ واقعہ امریکی ریاست منی سوٹا میں پیش آیا جہاں کی مقامی پولیس نے 35 سالہ ایلس نیلسن کو بیٹی کے قتل کے جرم میں گرفتار کرلیا۔
پولیس رپورٹ کے مطابق 15 سالہ بچی اپنی پیدائش کے وقت آکسیجن کی کمی کی وجہ سے شدید معذوری کا شکار ہوگئی تھی اور وہیل چیئر پر تھی۔
بچی ہر وقت جسم میں آکسیجن کی سطح اور نبض مانیٹر کرنے والی ڈیوائس پہنے رکھتی تھی جبکہ اسے 24 گھنٹے دیکھ بھال کی ضرورت تھی۔
ایک دن جب ایلس کا شوہر شہر سے باہر گیا ہوا تھا اور دیگر بچے بھی گھر پر نہیں تھے تو اس نے بچی کی مشین بند کردی۔ اس کے کئی گھنٹوں بعد اس نے ریسکیو اداروں کو اطلاع دے کر مدد کرنے کے لیے کہا۔
جب ریسکیو ٹیم گھر پر پہنچی تو بچی بے حس و حرکت تھی، جلد ہی ریسکیو ٹیم نے بچی کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے آنے سے پہلے ہی اس کی سانس کی ڈوری ٹوٹ چکی تھی۔
پولیس نے تفتیش کے دوران مشین کو مینو فیکچرنگ ادارے میں جانچ کے لیے بھیجا جہاں سے علم ہوا کہ مشین بالکل درست طور پر کام کر رہی تھی۔
پولیس نے ماں کو گرفتار کرلیا ہے اور اس پر عمداً قتل کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔