کراچی: 4 سال کے بچے کو اغوا کے بعد اس کی آنکھوں میں ایلفی ڈالنے سے بچہ شدید متاثر ہو گیا تھا، بچے کی ماں آج بیٹے کو لینے فلاحی ادارے پہنچی تو دھاڑیں مار کر رونے لگیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے عوامی کالونی میں چار سالہ بچہ کل صبح ساڑھے 8 بجے اغوا ہوا تھا، اغوا کار اس کی آنکھوں میں ایلفی ڈال کر فرار ہو گئے تھے، بچے کی ماں آج اپنا بچہ لینے فلاحی ادارے پہنچیں۔
فلاحی ادارے میں جب ماں نے اپنے جگر گوشے کو گود میں لیا تو دھاڑیں مار مار کر رونے لگیں، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بچے کی والدہ نے کہا کہ ان کا بیٹا صبح ساڑھے 8 بجے دس روپے لے کر گھر سے نکلا تھا، جس کے بعد وہ لا پتا ہو گیا، ہم نے اپنی مدد اپ کے تحت بچے کو بہت تلاش کیا، لیکن رات 11 بجے میرے بیٹے کے پاس فون آیا۔
کراچی، نامعلوم افراد کم عمر بچے کی آنکھوں میں ایلفی ڈال کر فرار
انھوں نے بتایا کہ مِیں بیوہ ہوں، 6 بچے ہیں، بیٹے کے ساتھ کام کرتی ہوں، عبدالحنان سب سے چھوٹا بیٹا ہے، مجھ سے کسی نے رابطہ نہیں کیا، اپنے بچے کے علاج کے لیے حکومتی امداد کی اپیل کرتی ہوں۔
یاد رہے کہ عوامی کالونی میں ملزمان نے بچے کی آنکھوں میں ایلفی ڈال دی تھی، جس کے بعد اسے راستے میں چھوڑ کر فرار ہو گئے تھے، پولیس کا کہنا تھا کہ شہریوں نے بچے کو سندھ گورنمنٹ اسپتال کورنگی منتقل کیا، جہاں اس کی آنکھیں صاف کرائی گئیں۔ خیال رہے کہ اے آر وائی نیوز پر خبر چلنے کے بعد بچے کے اہل خانہ تھانے پہنچے تھے۔