جمعہ, مئی 16, 2025
اشتہار

کراچی میں موٹر سائیکل چوری کی بے رحمانہ واردات، کم سن بچے کی جان خطرے میں پڑ گئی (ویڈیو)

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: شہر قائد کے علاقے نیو ٹاؤن میں موٹر سائیکل لفٹرز نے ایک واردات کے دوران بے رحمی کی انتہا کر دی، معصوم بچے کی جان بھی خطرے میں پڑ گئی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں گزشتہ روز نیو ٹاؤن تھانے کی حدود سی پی برار سوسائٹی میں ایک شہری سے واردات کے دوران مسلح موٹر سائیکل لفٹرز نے بے رحمی کی بدترین مثال قائم کر دی۔

واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی، فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ 2 موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے شہری کو سائیڈ دے کر خطرناک انداز میں روکا۔

رپورٹ کے مطابق شہری اپنے کم سن بچے کے ساتھ موٹر سائیکل پر جا رہا تھا، بچے کے ساتھ دیکھ کر ڈاکوؤں نے چلتے چلتے اسے گھیر لیا، ڈاکو شہری کو موٹر سائیکل سے اترنے کا کہتے رہے۔

بے حسی کی ایک ایسی واردات جسے دیکھ کر دردمند دل تڑپ اٹھے (ویڈیو)

شہری نے موٹر سائیکل پر اپنے آگے معصوم کم سن بچے کو بٹھا رکھا تھا، ڈاکوؤں نے اسے آسان شکار سمجھا اور گھیر لیا، پہلے ایک موٹر سائیکل پر سوار لٹیرے نے بڑے خطرناک انداز میں شہری کی چلتی موٹر سائیکل کو سائیڈ میں دباتے ہوئے رکوایا، اس دوران موٹر سائیکل گرنے کا اندیشہ بھی تھا جس سے بچے کو نقصان پہنچ سکتا تھا۔

شہری کی موٹر سائیکل رکنے کے بعد دوسری موٹر سائیکل پر دو ڈاکو سوار فوراً آ کر رکے، اور شہری کو موٹر سائیکل سے اترنے کا کہتے رہے، لیکن شہری نے تھوڑی سی مزاحمت کی جس پر ڈاکوؤں نے اسے سر عام تشدد کا نشانہ بنایا۔

موٹر سائیکل چوری کی واردات اتنی آسان کیوں؟ فوٹیج سامنے آ گئی

فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لٹیرے موٹر سائیکل سوار شہری کو تھپڑ مار رہے ہیں، انھوں نے شہری کی جیب سے موبائل فون اور پرس بھی نکال لیا، جب کہ واردات کے دوران معصوم بچہ روتا رہا۔

خود کو بے بس پا کر شہری کو بچہ گود میں لے کر اترنا پڑا اور موٹر سائیکل لٹیروں کے حوالے کر دی، جس کے بعد تینوں ایک ایک موٹر سائیکل پر بیٹھ کر فرار ہو گئے۔

واضح رہے کہ کراچی میں موٹر سائیکل چوری اور راہ چلتے شہریوں کو لوٹنے کی وارداتیں بڑھتی جا رہی ہیں، متعدد وارداتوں کی سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی اے آر وائی نیوز پر دکھائی جا چکی ہیں۔

اہم ترین

نذیر شاہ
نذیر شاہ
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز کے کرائم رپورٹر ہیں

مزید خبریں