کراچی: شہر قائد میں تفریح کے طور پر بھی موٹر سائیکلیں چوری ہونے لگی ہیں، پولیس نے اس سلسلے میں کم عمر بچے گرفتار کر لیے۔
تفصیلات کے مطابق ضلع وسطی کراچی میں سرسید پولیس نے موٹر سائیکل لفٹنگ میں ملوث کم عمر بچے گرفتار کر لیے، جن کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ وہ تفریحاً موٹر سائیکلیں چوری کر رہے تھے۔
گرفتار بچوں کی تعداد 2 ہے، جن میں 12 سالہ صابر اور 15 سالہ ذاکر شامل ہیں، دورانِ تفتیش ملزمان نے بتایا کہ وہ کراچی کے علاقے بلال کالونی کے رہائشی ہیں۔
ایس ایس پی سینٹرل معروف عثمان کے مطابق دونوں بچے کافی عرصے سے موٹر سائیکل چوری کرنے میں ملوث ہیں۔
بچوں نے انکشاف کیا ہے کہ وہ موٹر سائیکل صرف تفریح کے لیے چوری کرتے تھے، جب بائیک میں پیٹرول ختم ہو جاتا تھا تو وہ اسے کہیں بھی کھڑی کر کے وہاں سے بھاگ جاتے تھے۔
سرسید پولیس نے گرفتار دونوں بچوں کے خلاف موٹر سائیکل چوری کے مقدمات درج کر دیے۔