اسلام آباد: ایم پاکس (منکی پاکس) کیسز کی تفصیلات قومی ادارہ صحت کو موصول ہو گئی ہیں، چاروں مریض صحت یاب ہو گئے۔
ذرائع این آئی ایچ کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت نے ایم پاکس کیسز کی رپورٹ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ کو بھجوا دی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ایم پاکس کے چاروں مریض صحت یاب ہو گئے ہیں۔
پی سی آر ٹیسٹ سے مریضوں میں وائرس ختم ہونے کی تصدیق ہو گئی ہے، ایم پاکس کے 3 مریض پولیس سروسز اسپتال پشاور میں زیر علاج تھے، جن کا تعلق مردان، پشاور، اورکزئی اور ایک مریض کا تعلق نوشہرہ سے تھا۔ ان میں سے تین کیسز ایئرپورٹ اور ایک کمیونٹی سے رپورٹ ہوا تھا۔
ذرائع کے مطابق ایم پاکس کا پہلا کیس 13 اگست، دوسرا 22 اگست، تیسرا اور چوتھا کیس 29 اگست کو رپورٹ ہوا تھا، تین کیسز کی نشان دہی بارڈر ہیلتھ سروسز کے عملے نے کی تھی اور پہلا کیس خیبر ٹیچنگ اسپتال پشاور سے رپورٹ ہوا تھا، جب کہ گزشتہ ماہ میں ایم پاکس کے 28 مشتبہ کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔
ایم پاکس کے تین مریضوں میں سے ایک جدہ اور ایک یو اے ای سے واپس پہنچا تھا، جب کہ ملک میں چاروں ایم پاکس ’کلیڈ ٹو اسٹرین‘ تھے۔