اسلام آباد / کراچی: متحدہ قومی موؤمنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے کے الیکٹرک کے خلاف منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر اور جماعت اسلامی نے کل شہر قائد میں 100 مقامات پر دھرنا دینے کا اعلان کردیا۔
ایم کیو ایم پاکستان کے رکن قومی اسمبلی اور وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق کا کہنا تھا کہ ’کے الیکٹرک مافیا بنتا جارہا ہے، ایک ادارے نے ریاست کے اندر ریاست بنا لی ہے‘۔
اُن کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم پاکستان منگل کو اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر دھرنا دے گی۔
مزید پڑھیں: غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور اوور بلنگ، تنگ عوام کے الیکٹرک کیخلاف عدالت پہنچ گئی
دوسری جانب جماعت اسلامی نے کل کراچی کے 100 مقامات پر احتجاج جبکہ ہفتے کو شارع فیصل پر کے الیکٹرک کے خلاف دھرنا دینے کا اعلان کردیا۔
جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے شارع فیصل پر دھرنے میں تمام جماعتوں اور شہریوں کو شرکت کرنے کی دعوت دی۔ اُن کا کہنا تھا کہ اگر دھرنے میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی گئی تو شہر کے حالات کی ذمہ دار سندھ حکومت خود ہوگی۔
قبل ازیں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی جس میں کے الیکٹرک کے معاملات پر گفتگو کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: عمر ایوب نے لوڈشیڈنگ سے پریشان کراچی کے شہریوں کو بڑی خوشخبری سنادی
وزیر اعظم نے گورنر سندھ کو کے الیکٹرک انتظامیہ سے ملنے اور مسائل کا حل تلاش کرنے کی ہدایت کی۔
عمران خان نے ہدایت کی کہ اسد عمر، شہزاد قاسم اور گورنر سندھ کے الیکٹرک انتظامیہ سےملیں تاکہ مسائل کا حل ممکن بنایا جا سکے۔