کراچی: ایم کیو ایم اور پاک سرزمین پارٹی کے 28کارکنان نے پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرلی، سینیٹر سعید غنی نے شمولیت اختیار کرنے والوں کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے حالات بہت بہتر ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم اور پاک سرزمین پارٹی کے 28 کارکنان نے پی پی میں شمولیت اختیار کی، پاک کالونی سے تعلق رکھنے والے متحدہ کے سابق یوسی ناظم عمردراز، عبدالغفاراورسابق یونٹ انچارج ناصرنثار نے شمولیت کا اعلان کیا۔
اس موقع پر سینیٹر سعید غنی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’22 اگست کے بعد ایم کیو ایم کے کئی لوگوں کو گوشہ نشینی میں جانا پڑا، مزید کئی لوگ ہمارے رابطے میں ہیں اور وہ بھی جلد پی پی کا حصہ ہوجائیں گے‘‘۔
انہوں نے کہا کہ ’’پی پی وفاق پرست جماعت ہے اس بات کا احساس لوگوں کو پہلے سے ہے تاہم اب وہ کراچی کے سیاسی کارکنان فیصلہ کرنے میں بالکل آزاد ہیں کیونکہ شہر کے حالات پرامن ہیں‘‘۔
سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ ’’جو لوگ کارکنوں کو قتل کرتے تھے اب انہیں معلوم ہوا کہ حالات کس طرف جارہے ہیں، کراچی آپریشن میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کے بعد شہری بلا خوف و خطر فیصلہ کرنے کے لیے آزاد ہیں‘‘۔