کراچی: پیپلزپارٹی کے رہنماء سردار نبیل گبول نے کہا ہے کہ قائد ایم کیو ایم نے میرے قتل کا منصوبہ بنایا، متحدہ پہلے بوری بند لاشے دیتی تھی اب نالوں میں بوریاں ڈال کر انہیں بند کردیتی ہے۔
اے آر وائی کے پروگرام سوال یہ ہے میں گفتگو کرتے ہوئے متحدہ کے سابق رہنماء اور رکن قومی اسمبلی نے انکشاف کیا کہ بانی ایم کیو ایم نے میرے قتل کا منصوبہ بنایا اور اس کا ٹاسک خصوصی لوگوں کو دیا مگر رابطہ کمیٹی کے کچھ دوستوں نے بروقت اطلاع دی۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ متحدہ والے پہلے بوری بند لاشیں دیتے تھے اب نالوں میں بوریاں ڈال کر انہیں بند کردیتے ہیں، بوریوں میں گوبر ڈال کر نالوں کو بند کرنے کا مقصد سیوریج کا پانی سڑکوں پر لانا اور پی پی پر الزام عائد کرنا ہوتا ہے‘‘۔
دوسری جانب ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماء اور رکن قومی اسمبلی ساجد احمد نے نبیل گبول کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہماری جماعت میں کام کرنے والوں کی جگہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نبیل گبول کو پارٹی کام نہ کرنے کی بنیاد پر نکلا گیا جبکہ انہوں نے لیاری والوں سے بے وفائی کا ثبوت دیتے ہوئے ایک بار پھر ییپلزپارٹی سے سمجھوتہ کیا۔