کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما حیدر عباس رضوی کی گاڑی چھیننے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔
اے آر وائی نیوز کو موصول ہونے والی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تین ملزمان موٹر سائیکل پر آئے اور ان میں سے دو گاڑی کا دروازہ کھول کر اندر بیٹھ گئے۔
ملزمان نے کل رات گن پوائنٹ پر گاڑی چھینی اور ڈرائیور عدیل کو بھی ساتھ لے گئے تھے۔ حیدر عباس رضوی کے مطابق ڈرائیور سے نقدی اور موبائل چھین کر اس پر تشدد کے بعد صفورا پر اسے گاڑی سے اتار دیا گیا۔
ایم کیو ایم رہنما نے واقعے کا مقدمہ گلشن اقبال تھانے میں درج کروایا ہے۔ ذرائع کے مطابق ویگو گاڑی ڈرائیور سے گن پوائنٹ پر گلشن اقبال کے قریب پٹیل اسپتال کے باہر سے چھینی گئی۔
حیدر عباس کا بیٹا اپنے دوست کو طبعیت کی خرابی کے باعث اسپتال چیک اپ کیلیے لے کر گیا تھا۔ اہل خانہ نے بتایا کہ نامعلوم ملزمان ڈرائیور سمیت گاڑی اپنے ہمراہ لے گئے تھے۔
پولیس حکام کے مطابق گاڑی چھیننے کا واقعہ گزشتہ روز نو بج کر بیس منٹ پر پیش آیا۔ مقدمہ دو نامعلوم مسلح ملزمان کے خلاف درج کیا گیا۔