کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے پاکستان کوارٹرز کے معاملے پر وزیرِ اعظم عمران خان سے رابطہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول نے وزیرِ اعظم عمران خان سے رابطہ کر کے پاکستان کوارٹرز کا مسئلہ ترجیحی بنیاد پر حل کرنے کی درخواست کی۔
[bs-quote quote=”وزیرِ اعظم نے ایم کیو ایم رہنما کو پاکستان کوارٹرز کا مسئلہ ترجیحی بنیاد پر حل کرانے کی یقین دہانی کرا دی: ذرائع” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]
ذرائع کا کہنا ہے کہ خالد مقبول صدیقی نے وزیرِ اعظم کو بتایا کہ گزشتہ روز سندھ پولیس نے پاکستان کوارٹرز کے شہریوں پر تشدد کیا، اس مسئلے کو ترجیحی بنیاد پر حل کیا جائے۔
ذرائع کے مطابق وزیرِ اعظم نے ایم کیو ایم رہنما کو پاکستان کوارٹرز کا مسئلہ ترجیحی بنیاد پر حل کرانے کی یقین دہانی کرا دی۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ کل ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خالد مقبول اور فروغ نسیم وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ سے اس سلسلے میں ملاقات کریں گے۔
یاد رہے گزشتہ روز جب پولیس سرکاری کوارٹرز کو خالی کرانے کے لیے آپریشن کرنے پاکستان کوارٹرز پہنچی تو مکینوں نے شدید احتجاج کیا اور کوارٹرز کے داخلی راستے کو رکاوٹیں لگا کر بند کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی: پاکستان کوارٹرز کے مکینوں کی بے دخلی کے خلاف احتجاجی مظاہرے
اس موقع پر پولیس نے مکینوں پر لاٹھی چارج کرتے ہوئے شدید تشدد کیا، پولیس کی جانب سے مظاہرین پر شیلنگ کی گئی اور انھیں منتشر کرنے کے لیے واٹر کینن کا بھی استعمال کیا گیا، جس کی وجہ سے علاقہ میدانِ جنگ کا منظر پیش کرنے لگا۔
بعد ازاں وزیرِ اعلیٰ سندھ نے آئی جی سندھ کو فون کر کے آپریشن رُکوایا، اور کہا ’عوام کے ساتھ ایسا رویہ انتہائی تکلیف دہ ہے‘۔ فاروق ستار نے کہا کہ یہ ناجائز قابضین نہیں، سابقہ حکومتوں نےعدالت سے حقائق چھپائے، اب حکومت کی ذمےداری ہے کہ ان سے متعلق پالیسی بنائے۔
دوسری طرف گورنر سندھ عمران اسماعیل کے کہنے پر چیف جسٹس پاکستان نے بھی سرکاری کوارٹرز کو خالی کرانے کے لیے شروع کیا جانے والا آپریشن تین ماہ کے لیے مؤخر کرنے کی ہدایت کی۔