اشتہار

سندھ تقسیم ہو چکا صرف اعلان باقی ہے، خالد مقبول

اشتہار

حیرت انگیز

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے سیاسی، انتخابی اور لسانی طور پر سندھ کو دو حصوں میں تقسیم کر دیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے سیاسی، انتخابی اور لسانی طور پر سندھ کو دو حصوں میں تقسیم کر دیا ہے۔ سندھ تقسیم ہو چکا ہے اب صرف اعلان باقی ہے۔

خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے سندھ میں حلقہ بندیوں پر اعتراضات کیے الیکشن کمیشن نے درست کر دیے، ہم نے بھی الیکشن کمیشن کو اپنے اعتراضات پیش کیے لیکن ہمارے یا کسی اور جماعت کا ایک اعتراض بھی الیکشن کمیشن نے نہیں دیکھا۔

- Advertisement -

ایم کیو ایم سربراہ نے کہا کہ یہ ہمارا حق ہے کہ ہمارے خدشات کو دور کیا جائے اور ہمیں چیف الیکشن کمشنر سے بڑی امید ہے مگر یقین نہیں آ رہا کیونکہ ان کے نیچے کی ٹیم کمپرومائزڈ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم ایک ماہ سے پیپلز پارٹی کے حلقوں سے سن رہے تھے کہ ہم نے اپنا کام دکھا دیا۔ وہ کہہ رہے تھے کہ ہمارا کام ہو گیا ایم کیو ایم کا ایک اعتراض پورا نہیں ہونے دیں گے۔ اس وقت ہماری نا اہلی تھی کہ معاملے کو سنجیدہ نہیں لیا گیا لیکن آج وہ باتیں پوری ہو رہی ہیں۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ سندھ میں جو حکومت ہے وہ نگراں نہیں بلکہ پیپلز پارٹی کے مفادات کی نگراں ہے۔ اس وقت وزیراعلیٰ ہاؤس سیاسی مفادات کا مرکز بنا ہوا ہے اور اس کے اثرات الیکشن کمیشن تک پہنچتے نظر آ رہے ہیں۔

ڈپٹی کنوینر ایم کیو ایم ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ پہلے سے حلقہ بندیوں میں غلطیاں تھیں انہیں مزید بگاڑ دیا گیا، ہمیں چیف الیکشن کمشنر سے امید ہے کہ وہ اسے ٹھیک کریں گے ہم اس حوالے سے عدالت جانے کی بھی تیاری کر رہے ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں