لاہور: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکزی رہنما خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف کے ساتھ وفاق کی سطح پرمشروط مفاہمت ہوئی ہے۔
ان خیالات کا اظہار وہ اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں کر رہے تھے، خواجہ اظہار نے کہا ’پی ٹی آئی سے کراچی کی ترقی کے سوا کوئی بات نہیں ہوئی۔‘
ایم کیو ایم کے رہنما کا کہنا تھا کہ سندھ میں مضبوط اپوزیشن کے لیے ایم کیو ایم کی رائے اہم ہے، اپوزیشن لیڈر تنیوں جماعتوں کے لیے قابل قبول ہونا چاہیے۔
پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ اظہار الحسن نے کہا ’پی ٹی آئی کے فردوس شمیم نقوی کو شاید ہم تسلیم نہ کر پائیں، تاہم ایم کیو ایم نے بھی تلواریں نیام میں رکھ کرمفاہمت کی ہے۔
خواجہ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے پاس ایم کیو ایم کو دینے کے لیے کچھ نہیں ہے، ہم عوامی ایشوز پر اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
پی ٹی آئی کراچی میں ڈبل ڈیکر بس چلائے گی
رہنما ایم کیو ایم نے اپوزیشن لیڈر کے اپنے تجربے کے بارے میں کہا کہ ’مجھے اپوزیشن لیڈر ہونے کا اچھا تجربہ ہے، میں پہلے ہی دن پبلسٹی دے دوں گا۔‘
خواجہ اظہار نے کہا کہ ماضی میں بھی اپوزیشن کے لیے پی ٹی آئی سے ہمارا اچھا معاملہ رہا، جس پارٹی کے نمبرز پورے ہیں وہ اپنا اپوزیشن لیڈر لاسکتی ہے۔
واضح رہے کہ فردوس شمیم نقوی کے ایم کیو ایم کے ساتھ اختلافات کے سلسلے میں گزشتہ روز انھیں عمران خان کی طرف سے ہدایت ملی تھی کہ وہ اپنی تلوار نیام میں رکھیں۔