ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ اگر پی پی گورنر کا استعفیٰ مانگ سکتی ہے تو ایم کیو ایم بھی صدر کا استعفیٰ مانگ سکتی ہے۔
رہنما ایم کیوایم پاکستان ڈاکٹرفاروق ستار نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی رہنماؤں نے اصل مدعے سے ہٹ کر بات کی، لگتا ہے ایم کیو ایم کی پریس کانفرنس پی پی کو لگی بھی اور چھبی بھی ہے۔
پیپلزپارٹی رہنماؤں کی جانب سے گورنر سندھ کامران ٹیسوری کے استعفے کے مطالبے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ پی پی والے میچور لوگ ہوتے تو اصل ایشو پر عدالتی فیصلے پر بات کرتے۔
فاروق ستار کا کہنا تھا کہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری قابل قبول بھی ہیں اور مقبول بھی ہیں، کامران ٹیسوری ایک عوامی گورنرکی حیثیت رکھتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ گورنر کا پوچھنا ہے تو مفت آئی ٹی تعلیم حاصل کرنیوالے 50 ہزار بچوں سے پوچھیں، کامران ٹیسوری کے بارے میں مختلف مکاتب فکر کے علما اور کاروباری حضرات سے پوچھیں۔
ڈاکٹرفاروق ستار نے کہا کہ گورنرکاسندھ کے بارے میں عوام سے پوچھیں جن کیلئے انھوں نے بلاامتیاز خدمت کی، گورنر کے کاموں کی تو پی پی کے کئی وزرا اور رہنما بھی تعریف کرتے ہیں۔