کراچی : ایم کیو ایم نے کراچی پی ایس ایک سو ستائیس کے ضمنی انتخاب کے نتائج کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، ایم کیو ایم کل الیکشن ٹریبونل میں اپنی درخواست جمع کرائے گی۔
تفصیلات کے مطابق ایم کیوایم کا کراچی پی ایس ایک سو ستائیس کے نتائج کو چیلنج کرنے کا فیصلہ۔۔۔ ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم انتخابی نتائج کو الیکشن ٹریبونل اور عدالت عالیہ میں لے جائے گی۔
ایم کیوایم کا کہنا ہے کہ گوٹھوں میں پولنگ اسٹیشن پر قبضہ کرکے دھاندلی کی گئی، تمام ثبوت جمع کر لئے ہیں، ثبوت الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گے، ایم کیو ایم الیکشن ٹریبونل میں اپنی درخواست جمع کرائے گی۔
مزید پڑھیں : ایم کیو ایم کا پی ایس 127 میں دھاندلی کا الزام
دوسری جانب ایم کیوایم نے الیکشن کمیشن سے بھی اکیاون پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ گنتی کرانے کا مطالبہ کیا ہے، ایم اکیوایم کا کہنا ہے کہ گوٹھوں میں ڈالے جانے والی ووٹر لسٹ کی بھی تصدیق کرائی جائے، شناختی کارڈ اور انگوٹھوں کے نشان کی بھی تصدیق کرائی جائے۔
گزشتہ روز ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے پی ایس 127 کے ضمنی انتخاب پر تحفظات کا اظہار کیا تھا اور کہا تھا کہ 52 پولنگ اسٹیشن کے نتائج ہمیں دیے ہی نہیں گئے، ان اسٹیشن میں ہمارے خلاف دھاندلی کی گئی۔
متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ پی ایس 127 میں پیپلز پارٹی کا بھی بڑا حلقہ انتخاب ہے تاہم ہمارے ووٹرز کو چار گھنٹے تک گھروں سے نکلنے ہی نہیں دیا گیا ان پر تشدد کرکے سب کو خوف زدہ کردیا گیا۔
مزید پڑھیں : پی ایس 127:غیر سرکاری نتائج، پی پی امیدوار کامیاب
پی ایس ایک سو ستائیس کے ضمنی انتخاب کے غیرحتمی غیرسرکاری نتیجے کے مطابق پیپلز پارٹی کے غلام مرتضی بلوچ نے کامیابی حاصل کی ۔