کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے وفد کی گورنر سندھ سے ملاقات ہوئی، محمد زبیر عمر نے کہا کہ میرے دروازے تمام سیاسی جماعتوں کے لیے کھلے ہیں، کسی سے مقابلہ کرنے نہیں بلکہ عوامی مسائل حل کرنے آیا ہوں۔
تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کا وفد گورنر سندھ سے ملاقات کرنے گورنر ہاؤس پہنچا، فاروق ستار کی سربراہی میں آنے والے وفد میں خواجہ اظہار، عامر خان اور فیصل سبزاوری بھی شامل تھے۔
گورنر سندھ سے ملاقات کے دوران ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ اور رہنماؤں نے اپنے تحفظات سے آگاہ کرتے ہوئے کراچی میں ترقیاتی کاموں کی شکایات کے انبار لگائے اور سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا، ڈاکٹر فاروق ستار نے ترقیاتی بجٹ میں کراچی کے حصے کو مزید بڑھانے پر بھی زور دیا۔
گورنر سندھ نے ایم کیو ایم کے وفد کی شکایات اور تحفظات سننے کے بعد اُن کا ازالہ کرنے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ میرے دروازے تمام سیاسی جماعتوں کے لیے کھلے ہیں، صوبے کی ترقی کے لیے سب کو ساتھ لے کر چلنے کا خواہش مند ہوں۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں پائیدار امن کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے گی کیونکہ میری تعیناتی کا مقصد کسی سے مقابلہ نہیں بلکہ عوامی مسائل کا حل ہے۔