کراچی: ایم کیو ایم پاکستان نے ضمنی الیکشن میں بھرپور طریقے سے حصہ لینے کا فیصلہ کرلیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سابق میئر کراچی وسیم اختر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ استعفے منظور ہونے کے بعد کراچی کی خالی نشستوں پر الیکشن لڑیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پی ڈی ایم کی اتحادی ہے لیکن فیصلے ہمارے اپنے ہوں گے اگر جماعت اسلامی یا پی ٹی آئی کا میئر آیا تو پیپلزپارٹی کام کرنے نہیں دے گی۔
ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ چیف جسٹس بلدیاتی الیکشن پر سوموٹو ایکشن لیں ہم اداروں سے بھی امید کرتے ہیں کہ مطالبات کو سنجیدگی سے لیا جائے گا۔
وسیم اختر کا کہنا تھا کہ کراچی کے مسائل کے لیے پی ٹی آئی سے اتحاد کیا تھا پھر مسائل کے حل کے لیے پی ٹی آئی کو چھوڑ کر پیپلزپارٹی سے اتحاد کیا۔
انہوں نے کہا کہ نئے میئر کے پاس نہ انتظامی اور نہ مالی اختیارات ہوں گے نیا آنے والا میئر میری طرح چار سال چیختا رہے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کو کیا دوسرا بنگلہ دیش بنانے کی تیاری ہے کراچی کو دو ڈویژن میں تقسیم کرنے کی بات سنی لیکن کراچی ایک ڈویژن ہونا چاہیے شہر کو سات اضلاع میں تقسیم کردیا گیا ہے۔