ہفتہ, فروری 15, 2025
اشتہار

ایم کیو ایم پاکستان اور پی ٹی آئی کے مابین اختلافات میں اضافہ ہوگیا

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : ایم کیو ایم پاکستان اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی میں مناسب نمائندگی نہ ملنے پر اختلافات میں اضافہ ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کی اتحادی جماعت متحدہ قومی موؤمنٹ پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے اپنے اراکین قومی اسمبلی کو اسلام آباد جانے سے روک دیا۔

ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کا کہنا ہے کہ کوئی بھی اراکین اسمبلی قائمہ کمیٹی اجلاس میں شرکت نہیں کرے گا، پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ چلنا ہے یا نہیں یہ رابطہ کمیٹی اجلاس میں طے کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ متحدہ قومی موؤمنٹ شماریات کی قائمہ کمیٹی لینے سے انکار کرتے ہوئے توانائی ،داخلہ یا انسانی حقوق کی قائمہ کمیٹی لینے پر اصرار کررہی ہے۔

ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان نے اپنے تحفظات سے حکومت اور وزیر اعظم پاکستان عمران خان کو آگاہ کردیا ہے۔

واضح رہے کہ متحدہ قومی موؤمنٹ پاکستان اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان گزشتہ دو ماہ سے مختلف موضوعات پر اختلافات سامنے آنے آرہے ہیں۔

گزشتہ برس دسمبر میں میئر کراچی وسیم اختر نے پی ٹی آئی رہنماؤں پر تنقید کرتے ہوئے انھیں مونٹیسوری میں پڑھنے والے بچے قرار دے دیا تھا، جس کے بعد دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کے درمیان لفظوں کی جنگ چھڑ گئی۔

پی ٹی آئی رہنما خرم زمان کی وسیم اختر پر تنقید کے بعد پی ٹی آئی قیادت کا پیغام ہے کہ ایم کیو ایم پی ٹی آئی کی اتحادی جماعت ہے، ایسے بیانات سے گریز کیا جائے جس سے اختلافات پیدا ہوں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں