کراچی : ایم کیوایم کے سابق سیکٹر انچارج کورنگی رئیس مما کو ملا ئیشیا سے حراست میں لے لیا گیا ہے.
تفصیلات کے مطابق سانحہ بلدیہ فیکٹری اور چکرا گوٹھ کیس میں مبینہ طور پر ملوث ایم کیو ایم کے مفرور سابق سیکٹر انچارج کورنگی رئیس مما کو کورنگی سے گرفتار کر لیا گیا ہے وہ کراچی تنظیمی کمیٹی کے سابق انچارج حماد صدیقی کا قریبی ساتھی تصور کیا جاتا ہے.
ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کے سیکٹر انچارج رئیس مما کی گرفتاری انٹر پول کے ذریعے عمل میں لائی گئی تاہم اُن کی پاکستان آمد اور تحقیقاتی اداروں کو حوالگی سے متعلق کوئی خبر موصول نہیں ہوئی ہے تاہم حماد صدیقی کی دبئی سے گرفتاری کے فوری بعد رئیس مما کی گرفتاری کو بڑی کامیابی تصور کیا جارہا ہے.
اسی سے متعلق : متحدہ عرب امارات نے حماد صدیقی کو پاکستان کے حوالے کردیا
خیال رہے کہ اس سے قبل سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس کے مرکزی ملزم رحمان بھولا کو بھی انٹر پول کے ذریعے ملائیشیا کے ایک ہوٹل سے حراست میں لیا گیا تھا اور رحمان بھولا آج کل عدالتوں میں پیشیاں بھگت رہا ہے، اس تناظر میں رئیس مما کی گرفتاری مزید اہمیت اختیار کر گئی ہے.
یاد رہے 11 مارچ 2015 کو ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر رینجرز نے چھاپا مار کارروائی کرتے ہوئے ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری سمیت سنگین مقدمات میں مطلوب ملزمان عبید کے ٹو، نادر شاہ اور فرحان دانش سمیت 150 سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا تھا.
یہ بھی پڑھیں : ملائیشیا سے گرفتار عبدا لرحمان بھولا کراچی منتقل
ایم کیو ایم کے مرکز سے خطرناک ملزمان کی گرفتاری کے بعد رئیس مما پاکستان چھوڑ کر ملائیشیا فرار ہو گیا تھا جس کی تلاش قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جا ری رکھی اور ملائشیا فرار ہونے کی مصدقہ اطلاعات کے بعد انٹرپول سے رابطہ کر کے با لآخر رئیس مما کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہو گئے جس سے کئی اہم انکشافات کی توقع ہے.