کراچی: سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ بانی متحدہ سمیت تمام دھڑوں کو اکٹھا کرنے کی کوشش ہورہی ہے۔
الیونتھ آور میں گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما عمران اسماعیل نے کہا کہ لندن میں بانی اور پارٹی کو متحد کرنے کی کوشش کی جارہی ہے انہیں تحریک انصاف کا مقابلہ کرنے کے لیے اکٹھا کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے لوگوں نے ہمیشہ خدشات کا اظہار کیا ایسا نہ ہو بانی کو واپس لے کر آجائیں، وہ کہتے تھے کہ ایسا نہ ہو بانی ایم کیو ایم کو دوبارہ واپس لائیں۔
موجودہ گورنر سندھ سے متعلق معصومانہ سوال کے جواب میں عمران اسماعیل نے کہا کہ ’گورنر کامران ٹیسوری کو لانے والوں کی جانب سے یہ کاوشیں ہورہی ہیں جب کامران ٹیسوری کو لایا گیا تھا کو ایم کیو ایم والوں کو بھی جھٹکا لگا تھا۔
عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ انہیں ووٹ بینک کے لیے نہیں بلکہ خوف کا ماحول پیدا کرنے کے لیے اکٹھا کیا جارہا ہے۔
’حکمت عملی کے تحت دو اسمبلیاں تحلیل کرنے کا اعلان کیا‘
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ جن کے استعفے منظور کیے گئے اس کے لیے کیا طریقہ کار اپنایا گیا ہم نے حکمت عملی کے تحت دو اسمبلیاں تحلیل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں اسمبلیاں ہوتیں تو 66 فیصد ملک میں الیکشن ہوتے جبکہ پنجاب اسمبلی کو توڑنے سے روکنے کے لیے گیم چلایا گیا تھا۔
سابق گورنر سندھ نے مزید کہا کہ پنجاب اسمبلی تحلیل نہیں ہوئی اس لیے خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل نہیں کی۔