تازہ ترین

معمر قذافی کی قبر کہاں ہے؟ قتل کے 11 سال بعد بھی راز برقرار

طرابلس: لیبیا کے سابق رہنما کرنل معمر قذافی کے قتل کے 11 سال بعد ایک بار پھر ان کی قبر ڈھونڈنے کی کوششیں تیز ہوگئی ہیں، قذافی کو قتل کے بعد کہاں دفن کیا گیا تھا، یہ راز آج بھی برقرار ہے۔

اردو نیوز کے مطابق لیبیا کے سابق رہنما کرنل معمر قذافی کی خفیہ قبر ان کے قتل کے 11 برس گزرنے کے بعد ایک بار پھرسرخیوں میں ہے، قذافی اور ان کے بیٹے اور وزیر دفاع کو 20 اکتوبر 2011 کو قتل کردیا گیا تھا۔

معمر قذافی نے تقریباً 42 برس تک ملک پر راج کیا، ان کے دشمن انہیں ڈکٹیٹر کہتے ہیں جبکہ حامی اور عوام کا ایک حلقہ آج بھی قذافی کے عہد کو اچھے الفاظ میں یاد کر رہا ہے۔

قذافی کے حامی افراد نیٹو پر اپنے ملک کے خلاف سازش کرنے اور اس کا بنیادی ڈھانچہ تباہ کرنے کا الزام لگا رہے ہیں۔

قذافی کے قتل پر 11 برس گزر جانے کے باوجود لیبیا کے بعض شہروں خصوصاً جنوبی علاقوں کے باشندوں میں رنج و ملال کا برملا اظہار کیا جارہا ہے، اس حوالے سے قذافی کی قبر کا راز معلوم کرنے کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے۔

کچھ لوگوں کا مؤقف ہے کہ قبر کو نامعلوم رکھنا ہی بہتر ہوگا کیونکہ اس کا علم ہوتے ہی حمایتی اور مخالف عناصر ایک دوسرے کے مقابل آجائیں گے اور ملک ایک اور فتنے میں مبتلا ہوجائے گا۔

خیال رہے کہ قذافی کے قتل کے بعد لیبیا کے مغربی شہر مصراتہ کے باشندے مقتولین کی لاشیں سرحد سے اٹھا کر اپنے یہاں لے گئے تھے۔

انہوں نے خفیہ طریقے سے قذافی، ان کے بیٹے اور وزیر دفاع کی تدفین کی تھی، تب سے ہی قذافی کے حامی ان قبروں کا راز جاننے کے لیے مہم چلا رہے ہیں۔

Comments

- Advertisement -