ممبئی: ریلائنس انڈسٹریز کے چیئرمین مکیش امبانی کو جان سے مارنے کی دھمکی موصول ہونے کے بعد پولیس حرکت میں آگئی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق مکیش امبانی کا شمار دنیا کے ارب پتی افراد میں کیا جاتا ہے جنہیں اس ہفتے بذریعہ ای میل قتل کی دھمکی دی گئی۔
ان کو موصول ہونے والی دھمکی میں نامعلوم شخص نے لکھا کہ ”اگر ہمیں 20 کروڑ روپے ادا نہ کیے تو تمہیں جان سے مار دیں گے۔“ ای میل میں لکھا گیا کہ ”انڈیا میں ہمارے پاس بہترین شوٹرز موجود ہیں۔“
پولیس کے مطابق مذکورہ ای میل 27 اکتوبر کو بھیجی گئی۔ مکیش امبانی کے سکیورٹی حکام کی شکایت پر مقدمہ درج کر کے معاملے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔
مقدمہ انڈین پینل کوڈ کی دفعات 387 اور 506 کے تحت درج کیا گیا۔ پولیس نے بڑے پیمانے پر نامعلوم شخص کی تلاش شروع کر دی۔
یہ پہلی دفعہ نہیں کہ جب مکیش امبانی کو جان سے مارنے کی دھمکی ملی ہو، گزشتہ سال ممبئی پولیس نے ریاست بہار سے ایک شخص کو گرفتار کیا تھا جس نے ارب پتی اور ان کی فیملی کو دھمکی دی تھی۔
گرفتار ملزم نے ان کا ریلائنس فاؤنڈیشن اسپتال اور رہائش گاہ کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی تھی۔ 2021 میں مکیش امبانی کے گھر کے قریب سے دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا تھا۔