کراچی/ ملتان : کسٹم حکام نے ملتان ایئرپورٹ پر مسافر کے قبضے سے غیر ملکی کرنسی برآمد کرلی جبکہ جیکب آباد میں رینجرز نے ٹرک پر چھاپہ مار کر اسمگل کی جانے والی نان کسٹم پیڈ اشیاء اور چھالیہ کو قبضے میں لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق ملتان ایئرپورٹ پر کسٹم عملے نے منی لانڈرنگ کی کوشش کرنے والے مسافر کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔
اس حوالے سے ایئر پورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ ماڈل کسٹمز کلکٹریٹ ملتان کو ملنے والی خفیہ اطلاع پر عملے نے ملتان سے شارجہ جانے والے مسافر علیم رشید کو جو پی آئی اے کی پرواز پی کے293سے جارہا تھا۔
اسے روک کر اس کے سامان کی تلاشی لی تو اس کے قبضے سے ایک لاکھ سترہ ہزار355 درہم برآمد کرلیے۔ ملزم کی غیرملکی کرنسی اسمگل کرنے کی کوشش کو ناکام بنا کر گرفتار کرلیا گیا، مزید تفتیش کی جارہی ہے۔
دوسری جانب رینجرز اہلکاروں اور کسٹم کے عملے نے جیکب آباد میں سندھ اور بلوچستان کے بارڈر پیٹرولنگ کے دوران ایک مشکوک ٹرک پر چھاپہ مارا۔
کارروائی کے دوران نان کسٹم پیڈ اشیاء اور بڑی مقدار میں چھالیہ اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی جبکہ ملزمان ٹرک ڈرائیور اور اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
اس حوالے سے ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والے سامان کی مالیت تقریبا2کروڑ10لاکھ روپے ہے، مذکورہ سامان ٹرک کی تلاشی کے دوران برآمد ہوا،ٹرک کوئٹہ سے پنجاب جارہا تھا۔