کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) پلے آف مرحلے کے لیے ملتان سلطانز کی ٹیم میں 2 کھلاڑیوں کی شمولیت ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل پلے آف مرحلے کے لیے ملتان سلطانز کی ٹیم میں انگلش اوپنر جو ڈینلی اور زمبابوین کھلاڑی برینڈن ٹیلر کو شامل کرلیا گیا۔
دونوں کھلاڑیوں کو بنگلہ دیش کے آل راؤنڈر محمود اللہ اور انگلش اوپنر جیمز ونس کی جگہ شامل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ انگلش کھلاڑی جیمز ونس کورونا وائرس کا شکار ہوگئے تھے جس کے بعد انہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا تھا۔
اس سے قبل ملتان سلطانز کے لیے کھیلنے والے محمود اللہ بھی کورونا کا شکار ہوگئے تھے جس کی وجہ سے پی ایس ایل پلے آف مرحلے میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔
یاد رہے کہ پی ایس ایل فائیو کے پلے آف مرحلے کیلئے غیر ملکی کھلاڑیوں کی پاکستان آمد کا سلسلہ جاری ہے اور کراچی کنگز کے تین غیر ملکی کھلاڑی کراچی پہنچ گئے ہیں۔
پلے آف میچز14 اور15 نومبر کو کھیلے جائیں گے اور چیمپئن ٹیم کا فیصلہ17 نومبرکو ہو گا۔