اشتہار

یوٹیوب ویڈیوز لائک کرنے کی نوکری ملنے کے بعد شہری کے ساتھ کیا ہوا؟

اشتہار

حیرت انگیز

ممبئی: بھارتی شہر ممبئی میں سائبر فراڈ کا ایک عجیب کیس سامنے آیا ہے، جس میں ایک خاتون نے ساتھی کے ساتھ مل کر ایک شہری سے 55 لاکھ روپے لوٹ لیے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی کے رہائشی 47 سالہ ہیمانگی جھنجھن والا کو آریہ نامی لڑکی نے واٹس ایپ میسجز کے ذریعے یوٹیوب پر ویڈیوز لائک کرنے کے لیے پارٹ ٹائم نوکری کی پیشکش کی، ابتدا میں جھجھن والا کو لائکس پر پیسے دیے گئے تاہم پھر انھیں عجیب ہدف دیا گیا۔

ممبئی کے ساؤتھ سائبر سیل میں جھجھن والا کی شکایت کے مطابق انھیں سائبر فراڈ کرنے والوں نے یہ ٹاسک دیا کہ وہ مختلف بینک کھاتوں میں کل 55.35 لاکھ روپے جمع کرے، جس کی انھوں ںے تعمیل کر دی۔

- Advertisement -

ڈپٹی کمشنر آف پولیس راج تلک روشن کے مطابق سائبر سیل کی تحقیقات میں پتا چلا کہ 55.35 لاکھ روپے میں سے 14.50 لاکھ روپے ناگپور کے بینک اکاؤنٹ میں جمع کرائے گئے تھے جو کسی ’کنچن جنرل اسٹور اینڈ ہول سیلر‘ کے نام پر تھا، ناگپور میں پولیس نے جا کر بینک کی کھاتہ دار کنچن میشرم سے پوچھ تاچھ کی، تو انکشاف ہوا کہ کنچن میشرم کی دوست سلمیٰ علی نے دھوکا دہی کے ساتھ ان کی دستاویزات کا غلط استعمال کرتے ہوئے یہ بینک اکاؤنٹ کھولا تھا۔

اس بینک اکاؤنٹ میں 3 کروڑ جمع ہو گئے تھے، یہ ساری رقم سلمیٰ علی نے اپنے ایک اور ساتھی کے ساتھ مل کر لوگوں کو دھوکا دے کر حاصل کی تھی۔ کنچن میشرم نے 15 اکتوبر کو 38 سالہ سلمیٰ شجاعت علی اور 39 سالہ گجیندر ایکونکر کے خلاف پولیس میں شکایت درج کروائی۔

سائبر سیل نے بینک اکاؤنٹ منجمد کر دیا، جب کہ ملزمہ سلمیٰ علی اور اس کے ساتھی گجیندر ایکونکر کو پولیس نے گرفتار کیا اور انھیں ناگپور سے ممبئی لایا گیا، عدالت نے انھیں پولیس کی تحویل میں دے دیا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں