کراچی : پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار منیب بٹ نے کہا ہے کہ کیریئر کے آغاز میں لائنوں میں لگ کر آڈیشنز دیا کرتا تھا۔
اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام شان سحور میں منیب بٹ نے شرکت کی اور اپنے کیریئر کے ابتدائی ایام اور جدوجہد کے بارے میں ناظرین کو دلچسپ قصے سنائے۔
انہوں نے بتایا کہ میں نے اداکار بننے کیلئے جان توڑ کوششیں کیں میرے پورے خاندان میں کوئی بھی اس فیلڈ میں نہیں لیکن میں نے باقاعدہ ایکٹنگ کی کلاسز لے کر اس شعبے میں قدم رکھا۔
اداکار منیب بٹ نے بتایا کہ ایک بار اے آر وائی کے ڈرامے ’محمود آباد کی ملکائیں‘ کے نام سے ڈرامے کے آڈیشن ہورہے تھے اور وہاں 40 سے 50 لوگوں کے ساتھ لائن میں لگ کر میں بھی آڈیشن دیا تھا اور اس طرح کے کئی پروڈکشنز ہاؤسز میں جا جا کر کوششیں کیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے میڈیا اسٹڈیز میں بی ایس کی ڈگری حاصل کی ہوئی ہے اور سال 2012میں اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامے سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔
منیب بٹ نے بتایا کہ کئی سال تک بہت سارے مشہور برانڈز کے لیے کمرشل ماڈل کی حیثیت سے کام کرنے کے بعد پہلی بار 2012 میں اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل باندی سے اداکاری کا آغاز کیا تھا۔