اسلام آباد : تحریک انصاف کے رہنما مراد سعید نے ہراساں کرنے کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما مراد سعید نے ہراساں کرنے کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی۔
مراد سعید نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ رانا ثنا نے پٹیشنر اور ان کی جماعت کے لیڈرز کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں، ذرائع سے معلوم ہوا حکومت مجھے اور دیگر لیڈرز کو سبق سکھانا چاہتی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ علم میں آیا ہے خلاف جھوٹے کیسز درج کرنے کی منصوبہ بندی ہورہی ہے ، حکومت نے پہلے ہی پی ٹی آئی لیڈرز کو ہراساں کرنا شروع کردیا۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ سینیٹرسیف اللہ نیازی کے گھر پر چھاپا مارا گیا ،پولیس چھاپے مار کر ہراساں کر رہی ہے ، استدعا ہے کہ پٹیشنراور پی ٹی آئی کے دیگر لیڈرز کو ہراساں کرنے سے روکا جائے۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ مراد سعید کیخلاف ملک بھر میں درج مقدمات کا ریکارڈ طلب کیا جائے اور پٹیشنرکےخلاف درج مقدمات کی وجوہات کا بھی بتانے کا حکم دیا جائے۔
دائر درخواست میں سیکرٹری داخلہ ، وزیر داخلہ ، چاروں صوبوں کے آئی جیز ،ڈی جی ایف آئی اے فریق بنایا گیا ہے۔