انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی جلاؤ گھیراؤ کیس میں مراد سعید اور اعظم سواتی سمیت 8 پی ٹی آئی رہنماؤں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔
اے ٹی سی نے فرخ حبیب، زبیر خان نیازی کے بھی وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔ اس کے علاوہ حافظ فرحت، واثق قیوم عباسی، حامد رضا اور امتیاز احمد کے نام بھی شامل ہیں۔
انسداد دہشتگردی عدالت کی ایڈمن جج عبہر گل خان نے پولیس کی گاڑیاں جلانے کے کیس میں درخواست پر سماعت کی۔ یاد رہے کہ ملزمان کے خلاف تھانہ سرور روڈ میں مقدمہ درج ہے۔
متعلقہ: 9 مئی جلاؤ گھیراؤ کے 10 مقامات کا چالان عدالت میں جمع
رواں سال جولائی میں انسداد دہشتگردی عدالت نے سانحہ 9 مئی کے مقدمے میں میاں اسلم، حماد اظہر، فرخ حبیب، علی امین گنڈاپور سمیت 22 افراد کو اشتہاری قرار دیا تھا۔
اشتہاری قرار دیے جانے والوں میں عظمیٰ خان، علیمہ خان، حسان نیازی، عندلیب عباس، اعظم سواتی بھی شامل تھے۔ رہنماؤں کو تھانہ سرور روڈ کے مقدمے میں اشتہاری قرار دیا گیا۔