کراچی: شہر قائد کے علاقے گلستان جوہر میں گھر کے اندر فائرنگ کا پراسرار واقعہ پیش آیا ہے، جس میں ایک 30 سالہ نوجوان زندگی کی بازی ہار گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلستان جوہر بلاک 15 میں گھر کے کمرے کے اندر فائرنگ سے سید مرتضیٰ نامی نوجوان جاں بحق ہو گیا، گھر میں موجود دیگر بھائیوں نے پولیس کو بتایا کہ فائرنگ سنتے ہی انھوں نے گھر سے نامعلوم شخص کو فرار ہوتے ہوئے دیکھا۔
پولیس حکام کے مطابق مقتول کے گھر سے کوئی چیز چوری نہیں ہوئی، تاہم مقتول کے زیر استعمال موبائل فون غائب ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ وقوعہ پر پہنچنے سے پہلے ہی گھر والے خون آلود چادریں اور تکیہ دھو چکے تھے۔
پولیس حکام کے مطابق مقتول پر گولی چلائی گئی لیکن کمرے سے کوئی خول برآمد نہیں ہوا ہے۔ مقتول کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ چند ماہ سے بے روزگار تھا، پولیس نے واقعے کی مختلف زاویوں سے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
یہ واقعہ گزشتہ روز پیش آیا، آج صبح مقتول کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جس میں قتل کی دفعات شامل ہیں، والد نے بیان دیا کہ 4 بجکر 20 منٹ پر میں اور میری بیوی گھر سے نکلے تھے، میرا ایک بیٹا مرتضیٰ حیدر کمرے میں سو رہا تھا، بڑے بیٹے مصطفیٰ حیدر نے واقعے کی اطلاع پونے 5 بجے کے قریب دی، بیٹے کو نامعلوم ملزم نے قتل کیا ہے۔