فیصل آباد: شادی سے انکار کرنے پر سفاک ملزم نے لڑکی کو سرعام قتل کردیا
تفصیلات کے مطابق واقعہ فیصل آباد کی گلستان کالونی میں پیش آیا، جہاں گاؤں برج منڈی کی رہائشی نجمہ اپنی ماں کے ہمراہ آج صبح نجی اسپتال پہنچی تو ملزم نے دونوں کو روک کر تلخ کلامی کی پھر پستول نکال کر فائرنگ کردی۔
مقتولہ کی ماں نے شدید مزاحمت کی لیکن ملزم کو قابو نہ کرسکی، ملزم حسین کی جانب سے کیا گیا فائر نجمہ کو لگا اور وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی، واقعے کے فوری بعد اسپتال کے گارڈ اور شہریوں نے قاتل کو دبوچ کر پولیس کے حوالے کردیا۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور: شادی سے انکار پر خاتون پر تیزاب پھینک دیا گیا
پولیس کے مطابق ملزم حسین مقتولہ سے شادی کا خواہشمند تھا مگر نجمہ شادی سے انکاری تھی، جس پر مشتعل ہوکر ملزم نے انتہائی قدم اٹھایا، واقعے کی دیگر پہلو سے بھی تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔
اس سے قبل گذشتہ ماہ بھی لاہور میں اسی طرز کا واقعہ رونما ہوا تھا، جہاں جوہر ٹاؤن کی رہائشی مریم نے شادی سے انکار کیا تو اس پر تیزاب پھینک دیا گیا تھا، واقعے کے بعد ملزم کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔