نگراں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی کا کہنا ہے کہ آنے والی پارلیمان اور حکومت کی کارکردگی پر پیشگوئی نہیں کی جا سکتی۔
ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ اس وقت ہم الیکشن کی تیاریوں میں مصروف ہیں اور 8 فروری 2024 کو عام انتخابات ہوں گے، آئین میں لکھا ہے یہ ملک اس کے منتخب نمائندے چلائیں گے۔
نگراں وزیر اطلاعات نے کہا کہ تمام جماعتوں کو مساوی کوریج دی جا رہی ہے، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ لوگوں کے تاثرات آج کیا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں صحافت اور عدلیہ دونوں آزاد ہیں۔
متعلقہ: الیکشن کمیشن کو عام انتخابات کیلئے مزید 17 ارب 40 کروڑ روپے کے فنڈز جاری
انہوں نے کہا کہ انتخابات میں فیصلہ پاکستان کے عوام نے کرنا ہے، جمہوریت کے اندر شور اور آوازیں ہوتی ہیں اور یہ جمہوریت کا حصہ ہے، جمہوریت قبرستان نہیں ہے جہاں خاموشی ہو۔
مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ ہمیں جس حالت میں ملک ملا اس سے بہتر اگلی حکومت کو منتقل کر کے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی فیصلہ سازی نگراں حکومتوں کا کام نہیں، اگلے دو ماہ کے اندر جو ہمارے بس میں ہے ہم کریں گے۔
گزشتہ ماہ نینشل پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نگراں وزیر اطلاعات نے کہا تھا کہ الیکشن کے حوالے سے اب کسی کو کوئی شبہ نہیں ہونا چاہیے، انتخابات کروانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے وہ پوری کریں گے، آئین و قانون کے تحت الیکشن کمیشن اپنی ذمہ داری پوری کر رہا ہے۔
مرتضیٰ سولنگی نے کہا تھا کہ حلقہ بندیوں کا کام تیزی سے جاری ہے، پوری کوشش ہے آنے والے انتخابات میں لوگوں تک حقائق پہنچائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابی عمل صاف شفاف بنانا نگراں حکومت کی ذمہ داری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری جانبداری جمہوریت، آئین اور قانون کے ساتھ ہیں، نگراں حکومت کی ذمہ داری ہے کسی جماعت کی حمایت یا طرف داری نہ کرے، میں صحافیوں سے بھی گزارش کرتا ہوں کہ ایماندارانہ رپورٹنگ کریں۔