جمعہ, جنوری 3, 2025
اشتہار

مرتضیٰ وہاب میئر کراچی کے امیدوار ہونگے، بلاول بھٹو زرداری

اشتہار

حیرت انگیز

پیپلز پارٹی نے میئر کراچی اور ڈپٹی میئر کیلئے اپنے امیدواروں کا نام فائنل کرلیا ہے، پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے میئر کراچی اور ڈپٹی میئر کے ناموں کی منظوری دے دی۔

تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے میئر کراچی کیلئے مرتضیٰ وہاب کا نام تجویز کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرتضیٰ وہاب میئر کراچی کے پی پی پی امیدوار جبکہ ڈپٹی میئر کے لئے سلمان مراد امیدوار ہوں گے۔

- Advertisement -

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے بتایا کہ دو بڑے شہروں کے عوام کو پیپلزپارٹی کے میئر مایوس نہیں کرینگے، اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے تمام پی پی امیدواروں کیلئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ دونوں نوجوان شہروں کی بہتری کیلئے دن رات محنت کریں گے، انہوں نے کہا کہ چیئرمین، ڈپٹی چیئرمین، میئر، ڈپٹی میئر اور ٹاؤنز کے لیے پی پی پی کے تمام نامزد امیدواروں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، عوام نے پیپلزپارٹی پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

اب آئیے اگلا راؤنڈ جیتتے ہیں اور عوام کی خدمت کرتے ہوئے اپنی بہترین کارکردگی کے ساتھ آگے بڑھتے ہیں۔ پہلی بار ہم پر اعتماد کرنے کے لیے حیدرآباد اور کراچی کا خصوصی شکریہ۔

حیدرآباد کیلئے میئر اور ڈپٹی میئر کے ناموں کا اعلان 

دوسری جانب کراچی میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے پارٹی امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ میونسپل کارپوریشن حیدرآباد کے لئے میئر کا نام کاشف شورو اور نائب میئر صغیر قریشی ہوں گے۔

اس کے علاوہ ٹنڈوالہیار ڈسٹرکٹ کونسل کے لیے چیئرمین میر پپو تالپر اور دریا خان مری نائب چیئرمین ہیں، ٹنڈو الٰہیار میونسپل کمیٹی چیئرمین سید ثمر حسین شاہ سلیم خانزادہ امیدوار ہونگے۔

واضح رہے کہ ذرائع کا کہنا ہے کہ میئر کراچی کیلئے مرتضیٰ وہاب کا نام مراد علی شاہ اور شازیہ مری کی سفارش پر فائنل کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ میئر کراچی کے لیے 15 جون کو کے ایم سی بلڈنگ میں انتخابات ہوں گے۔ جماعت اسلامی کی جانب سے حافظ نعیم الرحمان میئر کراچی کے امیدوار ہیں اور پاکستان تحریک انصاف نے بھی میئر کراچی کے لیے جماعت اسلامی کے امیدوار کی حمایت کا اعلان کر رکھا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں