مسقط : عمانی حکام نے کرونا وائرس لاک ڈاؤن احکامات کی خلاف ورزی کرنے پر پانچ ورکشاپ اور دو کپڑوں کی دکانیں سیل کردیں۔
عمانی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مہلک ترین کرونا وائرس کی جان لیوا وبا نے دنیا بھر میں تباہی مچائی ہوئی ہے ہر طرف لاشوں کے انبار لگ رہے ہیں لیکن کچھ ممالک ایسے بھی ہیں جنہوں نے ابھی تک کرونا کو بے قابو نہیں ہونے دیا۔
خلیجی ریاست عمان بھی ان ہی ممالک میں سے ایک ہے جہاں کرونا وائرس کے کیسز روز رپورٹ ہورہے ہیں لیکن ابھی تک وائرس کا پھیلاؤ حکومت نے کنٹرول کیا ہوا ہے جس کی وجہ کرونا کے پیش نظر اٹھائے گئے حکومت اقدامات ہیں۔
وزیر داخلہ کی سربراہی میں انسداد کرونا سپریم کمیٹی کے احکامات کی روشنی میں ملک بھر میں لاک ڈاؤن جاری ہے اور اس دوران کسی بلا ضرورت گھر سے نکلنے اور کاروبار کرنے پر پابندی ہے۔
عمانی دارالحکومت مسقط کے میونسپلٹی حکام نے لاک ڈاؤن احکامات کی خلاف ورزی کرنے پر کپڑوں کے دو شوروم اور پانچ ورکشاپز سیل کردی ہیں۔
مسقط میونسپلٹی نے جاری بیان میں بتایا کہ مسقط میونسپلٹی حکام نے رائل عمان پولیس کے ساتھ مشترکا آپریشن کرتے ہوئے ال مسفح علاقے میں لاک ڈاؤن کے دوران کھلنے والے پانچ ورکشاپ سیل کیے جبکہ بوشر علاقے میں کپڑوں کے دو بڑے شو روم سیل کیے گئے۔
خیال رہے کہ عمان میں کرونا مریضوں کی تعداد 910 جبکہ وائرس میں مبتلا افراد کے اموات کی تعداد 4 ہے۔