ڈھاکا: بنگلادیشی کھلاڑی مشفیق الرحیم نے اپنی سال گرہ پر ایک ایسا کارنامہ انجام دیا جس سے وہ جے سوریا کے بعد دنیا کے دوسرے کھلاڑی بن گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بنگلا دیشی وکٹ کیپر بلے باز مشفیق الرحیم نے اپنی 36 ویں سال گرہ کے دن میچ کے دوران 70 گیندوں پر 61 رنز کی نصف سنچری اننگز کھیل کر تاریخ رقم کر دی ہے۔
آئرلینڈ اور بنگلا دیش کے درمیان جاری ون ڈے سیریز کا پہلا میچ 9 مئی کو چیمس فورڈ میں کھیلا گیا تھا، اگرچہ بارش کے باعث یہ میچ مکمل نہیں ہو سکا اور بے نتیجہ رہا تاہم میچ کے دوران مشفیق الرحیم زبردست فارم میں نظر آئے۔
جب وہ چھٹے نمبر پر کھیلنے آئے تو انھوں نے 70 گیندوں پر 61 رنز بنا لیے، یوں وہ سالگرہ کے دن ون ڈے فارمیٹ میں ففٹی پلس رنز بنانے والے دنیا کے دوسرے معمر ترین بیٹسمین بن گئے۔
سری لنکا کے سابق کرکٹر سنت جے سوریا کا نام پہلے نمبر پر آتا ہے، جنھوں نے اپنی 39 ویں سال گرہ کے موقع پر بنگلا دیش کے خلاف 130 رنز کی شان دار اننگز کھیلی تھی۔
دنیا کے 5 معمر ترین بلے باز جنھوں نے اپنی سالگرہ پر ون ڈے میں 50 سے زائد رنز بنائے:
39 سال : سنت جے سوریا – 130 رنز – بمقابلہ بنگلا دیش – 2008
36 سال : مشفیق الرحیم – 61 رنز – بمقابلہ آئرلینڈ – 2023
35 سال : برائن لارا – 57 رنز – بمقابلہ انگلینڈ – 2004
35 سال : کارل ہوپر – 72 رنز – بمقابلہ سری لنکا – 2001
35 سال : رابرٹ وینس – 96 رنز – بمقابلہ سری لنکا – 1998