لاہور : ایم کیو ایم کے رہنما مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ کراچی دودھ دینےوالی گائےہیں اسے چارہ تو کھلاؤ، یہ پاکستان کو 68 فیصد ریونیو کما کر دیتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کے رہنما مصطفیٰ کمال نے ن لیگی قائد نواز شریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف، شہباز شریف، مریم نواز، خواجہ سعد رفیق کا شکریہ اداکرتے ہیں،انہوں نے ہماری بڑی اچھی مہمان نوازی کی۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان ٹھیک نہیں ،روزانہ نئی بری خبرسنتے ہیں دنیا تجزیے کررہی ہے، اس کرائسز سے پاکستان کو کسی مضبوط لیڈر شپ نے نکالنا ہے، سب جانتے ہیں نوازشریف اس ریجن کے سینئرسیاستدان ہیں ، جوتجربہ نوازشریف کا ہے وہ کسی اور کا نہیں۔
رہنما ایم کیو ایم نے کہا کہ ملک کوبہت مضبوط اورمشکل فیصلوں کی ضرورت ہے، لوگوں کومسائل سے باہر نکالنے کا کوئی لائحہ عمل تیار نہ کیا تو شاید یہ آخری باری ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ آج کی معاشی صورتحال سے آئی ایم ایف نہیں کراچی نکال سکتا ہے، کراچی دودھ دینے والی گائے ہیں اسے چارہ توکھلاؤ، کراچی پاکستان کو 68 فیصد ریونیوکما کر دیتاہے۔
مصطفی کمال نے کہا کہ ایم کیوایم آج منظم اور متحد آرگنائزیشن ہے، ہم2013 کی پوزیشن پر واپس جائیں گے، 2013 میں کراچی سے ایم کیوایم نے 20 میں سے17 سیٹیں جیتی تھیں۔