کراچی : مذہبی جماعتوں کے سیاسی اتحاد متحدہ مجلس عمل کو مکمل طور پر بحال کرنے کا اعلان کردیا گیا، الیکشن میں ایک نشان کتاب پر حصہ لیا جائےگا، شاہ اویس نورانی نے مولانا فضل الرحمان اور سراج الحق کے ہمراہ پریس کانفرنس میں متحدہ مجلس عمل کو فعال کرنے کا اعلان کیا۔
تفصیلات کے مطابق جمیعت علمائے پاکستان کے رہنما شاہ اویس نورانی نے ملک میں بڑھتی ہوئی لاقانونیت اور کرپشن میں اضافے کیخلاف ایم ایم اے کو بحال کرنے کا اعلان کردیا، انہوں نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں بھرپور حصہ لیاجائےگا۔
کراچی میں مولانا شاہ احمد نورانی مرحوم کی رہائش گاہ پر اجلاس ہوا جس میں شاہ اویس نورانی ، مولانا فضل الرحمٰن، سراج الحق، ساجدنقوی،علامہ ساجدمیر، پیر اعجاز ہاشمی ، ڈاکٹر حافظ عبد الکریم ، رانا محمد شفیق پسروری سمیت دیگر نے شرکت کی۔
اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں رہنماؤں کا کہنا تھا کہ آئندہ ایک ماہ میں جو جماعت حکومتی اتحاد میں ہے وہ علیحدگی کا فیصلہ کرے گی پھر ایم ایم اے کی قیادت اورعہدیداران کا فیصلہ کیا جائے گا۔
آئندہ ایک ماہ بعد ایم ایم اے کا اجلاس کے پی کے میں ہوگا،ایم ایم اے کے پلیٹ فارم سے اتحاد میں شامل تمام جماعتیں الیکشن میں ایک نشان کتاب پر حصہ لیں گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایم ایم اے کی دیگر جماعتوں سے رابطہ کیا جائے گا اور نیا انتخابی منشور تشکیل دیا جائے گا، ایم ایم اے کی دیگر جماعتوں سے رابطہ اور نیا انتخابی منشور تشکیل دیا جائے گا۔
اس موقع پر مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ یہ ایک سیاسی اتحاد ہے جبکہ سراج الحق نے خوشحال پاکستان کے لئے تمام جماعتوں کو پلیٹ فارم پر جمع ہونے کی دعوت بھی دی۔